سلمان بٹ اور آصف کی واپسی میں آئی سی سی رکاوٹ تھی: نجم سیٹھی

محمد عامر کی طرح یہ دونوں بھی غلطی کا جلد اعتراف کرلیتے تو صورتحال مختلف ہوتی : سابق چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 جون 2021 11:32

سلمان بٹ اور آصف کی واپسی میں آئی سی سی رکاوٹ تھی: نجم سیٹھی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جون 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وہ محمد عامر کی طرح سلمان بٹ اور محمد آصف کیلئے بھی آئی سی سی سے لڑے تھے ۔ ایک انٹرویو میں 72 سالہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلمان بٹ اور محمد آصف کی پابندی میں نرمی کیلئے بہت کوششیں کیں اور آئی سی سی سےرابطہ کرکے انہیں منا بھی لیا تھا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی نے شرط رکھی کہ سلمان بٹ اور محمد آصف اپنے جرم تسلیم کرکے سٹہ بازوں کے نام بتائیں جب کہ ہمیں شفاف تحقیقات کرنے کو کہا۔ نجم سیٹھی کے مطابق ہم نے دونوں کو سمجھایا کہ جرم تسلیم کرلیں لیکن وہ مسلسل جھوٹ بولتے رہے، آئی سی سی نے بھی کہا کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں لہذا ہم تعاون نہیں کریں گے۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ محمد آصف اورسلمان بٹ کے ویڈیو پیغام سے آئی سی سی مطمئن نہیں تھی، محمد عامر نے اپنا جرم فوری تسلیم کیا تھا اور ری ہیب پروگرام میں آئی سی سی سے مکمل تعاون بھی کیا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نجم سیٹھی کے بیان پر سابق کپتان سلمان بٹ نے حیرت اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا۔ سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں میری واپسی کو روکا گیا، آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان بیک ڈور معاہدہ ہوا تھا، نجم سیٹھی کے بیان پر حیرت ہوئی، ناانصافی کے ازالے کیلئے اپنے قانونی اختیارات کے بارے میں مشورہ کر رہا ہوں۔
وقت اشاعت : 08/06/2021 - 11:32:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :