وہاب ریاض کیریئر کے تیز ترین فاسٹ بائولرز میں سے ایک ہے: ڈیوڈ ملر

پاکستانی پیسر ہمیشہ مشکل حریف ثابت ہوتا ہے ،میں اس کی کپتانی میں کھیلنے کا منتظر ہوں: پروٹیز بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 جون 2021 14:04

وہاب ریاض کیریئر کے تیز ترین فاسٹ بائولرز میں سے ایک ہے: ڈیوڈ ملر
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 جون 2021ء ) جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بلے باز ڈیوڈ ملر نے پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بالر وہاب ریاض کو اپنے کیریئر کا تیز ترین بائولر قرار دیا ہے۔ 31 سالہ ڈیوڈ ملر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچوں میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے جہاں وہ فرنچائز کے کپتان وہاب ریاض کے ماتحت کھیلیں گے۔ آن لائن پریس کانفرنس میں ابو ظہبی سے آئے ہوئے پاکستانی صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیوڈ ملر کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں پشاور زلمی کے ساتھ اپنے مختصر ٹائم کے دوران ٹیم کے لئے بہتر سے بہتر پرفارمنس دینے کی کوشش کرنا ہے۔

ڈیوڈ ملر نے کہا کہ مجھ سے ایک سوال ہوا تھا کہ میں نے اب تک کا سب سے تیز باؤلر کون سا کھیلا ہے، وہاب ریاض ان میں سے ایک ہیں۔

(جاری ہے)

میں نے اپنے کیریئر میں بہت بار اس کے خلاف کھیلا ہے، وہ ہمیشہ مشکل حریف ثابت ہوتا ہے اور میں اس کی کپتانی میں کھیلنے کا منتظر ہوں ۔ ڈیوڈ ملر نے کہا کہ وہاب جیتنا چاہتا ہے اور لڑکوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ چیلنج کا مقابلہ کریں اور ٹریننگ میں سخت محنت کریں، میرے خیال میں بطور کپتان اس میں بہت سی خوبیاں موجود ہیں ۔ ڈیوڈ ملر جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا سفر کریں گے جہاں اس نے 26 جون سے 5 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں۔ ڈیوڈ ملر نے کہا کہ میں یہاں صرف ایک یا 2 میچز کے لیے آیا ہوں اور جو ہوسکا کروں گا۔
وقت اشاعت : 08/06/2021 - 14:04:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :