پی ایس ایل میچز میں اوس ٹیموں کیلئے مشکلات پیدا کرے گی: عماد وسیم

اوس کے باعث سپنرز کا کردار محدود ہوجائیگا، کھلاڑیوں سے کہ دیا کہ اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھائیں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں: کپتان کراچی کنگز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جون 2021 13:38

پی ایس ایل میچز میں اوس ٹیموں کیلئے مشکلات پیدا کرے گی: عماد وسیم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جون 2021ء ) کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں بھی بابراعظم اور شرجیل خان کے ساتھ اننگز کے آغاز کا عندیہ دیدیا۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہم ایونٹ میں ہرمیچ کی پلاننگ کرکے آگے بڑھیں گے، بیٹنگ اور بائولنگ کے اعتبار سے کراچی کنگز کا کمبی نیشن زبردست ہے، کراچی میں پرفارمنس ماضی کا حصہ بن چکی، اب نیا ماحول اور کنڈیشنز ہیں، ٹیم میں کچھ تبدیلیاں بھی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمدہ کھیل پیش کرنیوالے بابراعظم اور شرجیل خان کے ساتھ اننگز کا آغاز بہتر ہوگا، ٹیم کے مفاد کو دیکھتے ہوئے میرٹ پر فیصلے کریں گے۔ یاد رہے کہ کراچی کنگز کو جارح مزاج اوپنر مارٹن گپٹل کی خدمات میسر ہیں مگر ان کو مڈل آرڈر میں کھلائے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

عماد وسیم نے کہا کہ ہمارا پہلا ہدف فائنل 4 تک رسائی ہے، گرم موسم کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر اثر کرسکتا ہے، رات کو اوس بھی دونوں ٹیموں کیلئے مسائل پیدا کرے گی، ایسا ہونے کی صورت میں سپنرز کیلئے مسائل ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ تمام ٹیمیں اچھی تیاری کے ساتھ میدان میں ہوں گی، کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ اپنی 100 فیصد کارکردگی دکھائیں اور نتیجہ اللہ پر چھوڑ دیں۔ ایک سوال پر عماد وسیم نے کہا کہ میں ذہنی اور جسمانی طورپر مضبوط ہونے کے بعد ٹیم میں آیا ہوں، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ابتدائی نمبرز پر بھی بیٹنگ کرسکتا ہوں، ذاتی کارکردگی مقصد نہیں، جو ٹیم کے لیے اچھا ہوا وہی کروں گا، اگر مجھے لگا کہ میچ کی صورتحال کے پیش نظر دیگر بولرز مجھ سے اچھی بولنگ کررہے ہیں تو انھیں مواقع دوں گا۔
وقت اشاعت : 09/06/2021 - 13:38:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :