کین ولیمسن کہنی کی انجری کے باعث انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر

ٹام لیتھم دوسرے ٹیسٹ میں کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جون 2021 17:26

کین ولیمسن کہنی کی انجری کے باعث انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جون 2021ء ) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کہنی کی انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ ٹیم کے نائب کپتان اوپنر ٹام لیتھم اب کین ولیمسن کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے جنوری 2020ء میں سڈنی میں آسٹریلیا اور دسمبر میں ویلنگٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی کیوی ٹیم کی قیادت کی تھی۔

(جاری ہے)

اس بات کی توقع کی جارہی ہے کہ کین ولیمسن ہندوستان کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قیادت کریں گے جو 18 جون کو ایجس باؤل میں شروع ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے کہا کہ کین ولیمسن کے لئے ٹیسٹ سے محروم ہونا آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن ہمارے خیال میں یہ صحیح فیصلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ولیمسن کی کہنی میں انجکشن لگایا گیا ہے جو ان کی جلن دور کرے گا جب کہ آرام سے ان کے صحت یابی میں بھی مدد ملے گی۔ ولیمسن کی جگہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ول ینگ کو شامل کرے گی جنہوں نے دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔                                                                                                 
وقت اشاعت : 09/06/2021 - 17:26:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :