ورلڈ کپ فٹ بال میں جرمنی فرانس کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

جمعہ 4 جولائی 2014 23:46

ورلڈ کپ فٹ بال میں جرمنی فرانس کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ریو ڈی جنیرو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4جولائی۔2014ء) جرمنی نے ایک دلچسپ اور سنسی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو ورلڈ کپ فٹبال کےپہلے کوارٹر فائنل میں شکست دے کر مسلسل چوتھی بار سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ فرانس اب ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ریو ڈی جنیرو کے خوبصورت گراؤنڈ پر شائقین فٹبال کو ایک شاندار میچ دیکھنے کو ملا اورکھیل کے آغاز کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں نے تیزی سے مووز بنانی شروع کردیں۔

جرمنی نے فرانس کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئےجس کی وجہ سے فرانس کے دفاعی کھلاڑی چکرا کر رہ گئے۔ کھیل کے 12 ویں منٹ میں جرمن فارورڈ ہیملز نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی جس کے ساتھ ہی فرانس کے تماشائیوں پر جیسے سکوت طاری ہوگیا ہو جبکہ جرمن شائقین کا جوش دیدنی تھا۔

(جاری ہے)

ایک گول خسارے میں جانے کے بعد فرانس نے کئی خوبصورت مووز بنائے اور جرمنی کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے لیکن جرمن دفاعی کھلاڑیوں کی حکمت عملی سے فرانس کے تمام حربے ناکام ہوگئے،ہاف ٹائم کے بعد کھیل میں زبردست جوش اور تیزی دیکھنے میں آئی بالخصوص فرانس کے فارورڈز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور گول برابر کرنے کی سر توڑکوشش کی تاہم جرمن گول کیپر مینوئل نائر ایک بار پھر فرانس کے فارورڈز کے سامنے دیوار ثابت ہوئے اور دو شاٹس جو یقینا گول تھے نائر نے روک لئے۔

کھیل کے اختتام تک فرانس نے بھرپور کوشش کی لیکن فائنل ویسل کےساتھ ہی جرمنی چوتھی بار ورلڈ کپ فٹبال کےسیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

وقت اشاعت : 04/07/2014 - 23:46:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :