پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف

رائلی روسوو کی عمدہ بیٹنگ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 جون 2021 19:44

پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 177رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 16ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو کامیابی دلاتے ہوئے رحمٰن اللہ گرباز کو چلتا کردیا۔

کپتان محمد رضوان اور صہیب مقصود نے سکور کو 40 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر صہیب کی 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ نئے بلے باز رلی راؤسو نے بھی رضوان کا بھرپور ساتھ نبھایا اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے جس میں بائیں ہاتھ کے بلے باز کا حصہ 44 رنز رہا۔ 108 کے مجموعی پر کراچی نے تیسری کامیابی اس وقت حاصل کی جب تھیسارا پریرا نے روسوو کی قیمتی وکٹ حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

اسی اوور میں باؤنڈری سے شاندار تھرو کے نتیجے میں کپتان رضوان پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز سے آئے شیمرون ہٹمائر کی اننگز بھی 7 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور یوں سلطانز پانچویں وکٹ بھی گنوا بیٹھے۔خوشدل کا ساتھ دینے سہیل تنویر آئے اور دونوں نے اختتامی اوورز میں ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے48 رنز کی شراکت قائم کی جس کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز کی ٹیم دوسرے اور ملتان سلطانز کی ٹیم صرف ایک فتح کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ میچ کے لیے کراچی کنگزمیں عماد وسیم(کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈوک والٹن، تھسارا پریرا، قاسم اکرم، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال شامل ہیں جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان(کپتان)، رحمٰن اللہ گرباز، رائلی روسو، شیمرون ہٹمائر، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران خان، عمران طاہر اور شاہنواز دھانی پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 10/06/2021 - 19:44:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :