پی ایس ایل 6، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دیدی

راشد خان کے 5 شکار، شعیب ملک کی نصف سنچری رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 جون 2021 03:01

پی ایس ایل 6، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دیدی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ 6 میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے ہرا دیا۔ ابو ظہبی میں جاری پی ایس ایل 6 کے 17 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 170 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور کے لیے بیٹنگ کا آغاز کامران اکمل اور حیدر علی نے کیا۔ کامران صرف ایک رن اور حیدر علی 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ان کے بعد شعیب ملک اور ڈیوڈ ملر نے کمان سنبھالی۔ راشد خان نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں ڈیوڈ ملر، رومن پویل، شرفین، فابین اور وہاب ریاض کو آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ ملر کو راشد خان نے 21 رنز کے سکور پر بولڈ کیا اور رومن پاویل کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ راشد خان نے 15 رنز پر شرفین کو بولڈ اور صفر پر فابین ایلن کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔

(جاری ہے)

وہاب ریاض ان کے پانچویں شکار بنے جنہیں راشد خان نے 17 رنز پر آؤٹ کیا۔پشاور زلمی کی آٹھویں وکٹ شعیب ملک کی تھی جنہوں ںے سب سے زیادہ 48 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے ان میں سات چوکے اور چھ چھکے شامل ہیں۔ اس سے قبل ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قلندرز نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے اوور میں وہاب ریاض نے فخر زمان کو چلتا کردیا،سہیل اختر بھی دس کے مجموعی سکور پر چلتے بنے۔

تجربہ کار محمد حفیظ بھی عمید آصف کی وکٹ بن گئے جبکہ محمد فیضان 21 گیندوں پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس بحرانی صورتحال میں ٹم ڈیوڈ اور بین ڈنک نے ذمہ داری کے ساتھ سکور بڑھاتے ہوئے بڑے شاٹس لگانا شروع کیے۔دونوں کھلاڑیوں نے 50 گیندوں پر 81 رنز کی شراکت قائم کی اور اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب ڈنک 33 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنا کر چلتے بنے،راشد خان بھی 8 رنز بنا کر فیبیئن ایلن کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اختتامی اوورز میں جیمز فالکنر اور ٹم ڈیوڈ نے وہاب ریاض کے ایک اوور میں 29 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 12 گیندوں پر 47 رنز کی شراکت داری قائم کی۔لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے، ٹم ڈیوڈ نے 36 گیندوں پر 5 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 64 رنز سکور کیے۔ پاکستان سپر لیگ میں اب تک لاہور قلندرز کی ٹیم چار فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ پشاور زلمی تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

میچ کے لیے پشاور زلمی کی ٹیم وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، فیبیئن ایلن، عمید آصف، محمد عرفان اور محمد عمران پر مشتمل ہے جب کہ لاہور قلندرز کی ٹیم میں سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، محمد فیضان، محمد حفیظ، بین ڈنک، ٹم ڈیوڈ، جیمز فالکنر، شاہین شاہ آفریدی، راشد خان، احمد دانیال اور حارث رؤف شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 11/06/2021 - 03:01:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :