قومی انڈر23 فٹ بال چمپئن شپ کیلئے اسلام آباد کی مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی، سید شرافت حسین بخاری

اسلام آباد فٹ بال ٹیم کے چنائو کے لئے تین روزہ ٹرائلز 18 جون سے ٹی اینڈ ٹی فٹ بال گرائونڈ ، اسلام آباد میں شروع ہونگے

جمعہ 11 جون 2021 15:43

قومی انڈر23 فٹ بال چمپئن شپ کیلئے اسلام آباد کی مضبوط ٹیم تیار کی جائے گی، سید شرافت حسین بخاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2021ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری نے کہا ہے کہ قومی انڈر23 فٹ بال چمپئن شپ کے لئے اسلام آباد کی مضبوط ٹیم تیار کی جائیگی۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد فٹ بال ٹیم کے چنائو کے لئے تین روزہ ٹرائلز 18 جون سے ٹی اینڈ ٹی فٹ بال گرائونڈ ، اسلام آباد میں شروع ہونگے۔

جس میں اسلام آباد کی رجسٹرڈ کلبوں کے کھلاڑی حصہ لے سکتے ہیں اور کھلاڑیوں کا چنائو میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ منتخب ٹیم 3 جولائی سے ایبٹ آباد میں کھیلی جانے والی قومی انڈر23 فٹ بال چمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔ چمپئن شپ میں ملک بھر سے بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی اور چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اورخیبر پختونخوا سے دو، دو ٹیمیں جبکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور فاٹا کی ایک، ایک ٹیم حصہ لے گی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں شرافت بخاری نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ محدود وسائل کے باعث اسلام آباد کی ٹیم نے کئی قومی ایونٹ میں چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث تقربیاً ایک سال سے تمام کھیلوں سرگرمیاں معطل ہو کر رہ گئیں تھیں جس سے کھلاڑیوں اور کھیل کا بہت نقصان ہوا ہے اور اب دوبارہ کھیلوں کے میدان آباد ہونا شروع ہو گئے ہیں اور کھلاڑیوں کو بھی حکومتی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا ضرور استعمال کرنا چاہئے۔
وقت اشاعت : 11/06/2021 - 15:43:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :