سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا،6اگست تک جاری رہے گا ، پی سی بی کااعلان

ایونٹ میں شامل ہر میچ 2 روز پر مشتمل ہوگا، جہاں ایک دن 100اوورز پھینکے جائیں گے، اعلامیہ پی سی بی یہ ایونٹ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو پیشہ ور کرکٹرز میں بدلنے کے لیے بہت اہم ہے، ندیم خان کا بیان

ہفتہ 12 جون 2021 13:58

سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا،6اگست تک جاری رہے گا ، پی سی بی کااعلان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن ٹورنامنٹ برائے 22-2021 کا آغاز 5 جولائی سے ہوگا، جو 6 اگست تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ میں کل 93 ٹیموں کے تقریباًً 1800 کرکٹرز شرکت کریں گے، جنہیں اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع بھی مل سکتا ہے۔

ایونٹ میں شامل ہر میچ 2 روز پر مشتمل ہوگا، جہاں ایک دن 100اوورز پھینکے جائیں گے۔ اس دو روزہ میچ کے ایک دن میں مجموعی طور پر 7 گھنٹوں اور 20 منٹ کا کھیلا ہوگا۔ اس دوران دوپہر 12 سے دوپہر 2 بجائے تک 2 گھنٹے کا وقفہ رکھا گیا ہے۔ان میچز کو نتیجہ خیز بنانے کی غرض سے دونوں ٹیموں کیلئے پہلی اننگز کو 75 اوورز تک محدود رکھا گیا ہے، کسی بھی باؤلر کو ایک اننگ میں زیادہ سے زیادہ 15 اوورز کروانے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

ہر کرکٹ ایسوسی ایشن میں شامل تمام سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم اس کرکٹ ایسوسی ایشن کی چمپئن قرار پائی گے۔خیبرپختونخوا میں 19، سندھ میں 17، سینٹرل پنجاب میں 16، سدرن پنجاب میں 14، بلوچستان میں 13 اور ناردرن میں 11 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شامل ہیں تاہم ماضی کی طرح لاہور کے تین زونز کی دو دو ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی۔

پہلی مرتبہ ہوگا کہ اس سطح پر کھلاڑیوں کو میچ فیس بھی دی جائے گی۔ پی سی بی نے یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا ہے۔ پی سی بی کے آئین برائے 2019 کے نفاذ کے بعد پی سی بی نے اس ٹورنامنٹ کو ری ڈیزائن کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ماڈل آئین کے عین مطابق ہے۔ اس سے قبل ریجن کی سطح پر انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے منعقد ہوا کرتے تھے۔

بلوچستان، ناردرن اور سندھ کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاسکے۔ ہر گروپ کی قیادت ایک فرد کے سپرد کی جائے گا۔اس کے برعکس سندھ، سیٹرل پنجاب اور خیبرپختونخوا کو تین مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، یہاں بھی ہر گروپ کا ایک سربراہ مقرر کیا جائے گا، جو پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ کرنے والی ٹیم کو فاتح قرار دے گا۔

گزشتہ سال کورونا وائرس کی عالمی وباء کی وجہ سے چند مقامات پر وہ بھی محدود کرکٹ کھیلے گی تاہم ان 93 ٹیموں کا انتخاب اوپن ٹرائلز کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جہاں قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے ان ٹرائلز کی نگرانی کی۔ پی سی بی کو امید ہے کہ رواں سال ان میچز کے انعقاد کی وجہ سے اسے آئندہ سال سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ندیم خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کئی ہفتوں کی سخت محنت کے بعد ہم ملک بھر میں اوپن ٹرائلز کے انعقاد سمیت سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ٹورنامنٹ کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آج ٹورنامنٹ کا اعلان کررہے ہیں اور جلد ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے اسکواڈز ک اعلان بھی کردیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر اندا سے ٹورنامنٹ کی تیاری کا موق مل سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو پیشہ ور کرکٹرز میں بدلنے کے لیے بہت اہم ہے۔ ندیم خان نے کہا کہ ہم نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑیوں کو میچ فیس دینے کا فیصلہ کیا ہے، امید ہے اس اقدام سے کھلاڑیوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی جستجو بڑھے گی۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا ہے کہ فی الحال تقریباًً 3800 کلبز کام کررہے ہیں، یہاں کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی اسکول اور کالج کی طرف سے بھی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیموں میں جگہ بنانے کے اہل ہوں گے، جو بعدازاں کرکٹ ایسوسی ایشن اور پھر پاکستان کی نمائندگی کا بھی اعزاز حاصل کرسکیں گے۔
وقت اشاعت : 12/06/2021 - 13:58:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :