عمران نذیر کا شعیب ملک کو کپتان بنانے کا مطالبہ

دباؤ کا سامنا کرنا جانتے ہیں ، ابوظہبی میں جس طرح کی اننگز کھیلی وہ سب کے سامنے ہے: سابق کرکٹر کی صحافیوں سے گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 جون 2021 16:10

عمران نذیر کا شعیب ملک کو کپتان بنانے کا مطالبہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2021ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کا کہنا ہے شعیب ملک دباؤ کا سامنا کرنا جانتے ہیں اس لیے انہیں کپتان ہونا چاہیے۔ ایک انٹرویو میں عمران نذیر کا کہنا تھا کہ تجربے کا کوئی نعم البدل نہیں ہے اور شعیب ملک اس وقت ٹیم کی ضرورت ہیں ، انہیں سنگلز لینے کا پتا ہے اور فٹنس بھی بہترین ہے، ان کے بارے کہا جاتا ہے کہ ان کی بال پر آنکھ پہلے جیسی نہیں رہی، انہوں نے ابوظہبی میں لاہور قلندرز کیخلاف جس طرح کی اننگز کھیلی وہ سب کے سامنے ہے، اگر کسی کو ان کی نظر میں مسئلہ نظر آرہا ہے تو آئی ٹیسٹ لے لیں۔

عمران نذیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سر پر ہے لیکن یہاں کسی کو نہیں پتا کہ اوپنر اور مڈل آرڈر میں کس نے آنا ہے، ٹیم مینجمنٹ کو فخر زمان اور شرجیل خان سے اوپن کرانی چاہیئے۔

(جاری ہے)

عمران نذیر کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل شروع ہونا خوش آئند ہے، یہ پاکستان کی خوبصورتی ہے جس سے کرکٹ لورز کو خوشیاں ملتی ہیں ۔

عمران نذیر کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ بیٹنگ نمبر تشکیل دے لیں تو پھر اس پر عمل بھی کریں، حیدر علی میں اوپنر کا ٹچ نظر آتا ہے ،وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جس نمبر پر کھیلتے رہے ہیں انہیں قومی ٹیم میں بھی وہیں کھلائیں، ڈومیسٹک میں پختہ ہونے پر کھلاڑیوں کو موقع دیں ،ایک دو ٹی ٹونٹی کی بنیاد پر پاکستان کی طرف سے نہ کھلا دیا کریں۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل کھلاڑیوں کو موقع دیں ،اگر یک دم انہیں ورلڈکپ میں کھلادیا تو کھلاڑی پر دباؤ ہوگا، شرجیل خان میں اوپنر کا ٹیلنٹ ہے ،اگر ٹیم میں لائے ہیں تو اعتماد دینے کے لیے تسلسل کے ساتھ کھلائیں ۔
وقت اشاعت : 12/06/2021 - 16:10:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :