اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کا اسلام آباد فٹ بال ٹیم کے چنائو کے لئے سات رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان

اتوار 13 جون 2021 12:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن نے اسلام آباد فٹ بال ٹیم کے چنائو کے لئے سات رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا ہے۔ گذشتہ روز اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری نے سات رکنی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ راوی فٹ بال کلب کے صدر سید تنویراحمد کمیٹی کے سربراہ اور غلام مجتبیٰ بلوچ کوآرڈینیٹر ہونگے، دیگر ممبران میں راجہ مسعود، محمد الیاس، شاہد صدیق، کامران ملک اور فرید احمد شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد فٹ بال ٹیم کے چنائو کے سلسلہ میں تین روزہ ٹرائلز 18 جون سے ٹی اینڈ ٹی فٹ بال گرائونڈ ، اسلام آباد میں شروع ہونگے۔

منتخب ٹیم 3 جولائی سے ایبٹ آباد میں کھیلی جانے والی قومی انڈر23 فٹ بال چمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

تین روزہ ٹرائلز میں اسلام آباد کی رجسٹرڈ کلبوں کے کھلاڑی حصہ لے سکتے ہیں اوریکم جنوری 1999ء سے 31 دسمبر 2002ء کے درمیان پیدا ہونے والے کھلاڑی ٹرائلز دینے کے مجاز ہوںگے، کھلاڑیوں کو عمر کے ثبوت کے لئے اپنے ہمراہ اصل شناختی کارڈ لانا ہوگا۔ چمپئن شپ میں ملک بھر سے بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی اور چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اورخیبر پختونخوا سے دو، دو ٹیمیں جبکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور فاٹا کی ایک، ایک ٹیم حصہ لے گی۔
وقت اشاعت : 13/06/2021 - 12:50:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :