تیسرا چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ یکم تا آٹھ اگست تک کراچی میں کھیلا جائیگا

پی ایچ ایف رینکنگ میں شامل ٹاپ آٹھ ٹیمیں ایونٹ میں شریک ہونگیں،دفاعی چمپئن نیشنل بینک اپنے اعزاز کا دفاع کریگی

پیر 14 جون 2021 14:50

تیسرا چیف آف نیول سٹاف ہاکی ٹورنامنٹ یکم تا آٹھ اگست تک کراچی میں کھیلا جائیگا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) نیول سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے زیراہتمام تیسرا چیف آف نیول سٹاف آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ یکم تا آٹھ اگست تک عبدالستار ہاکی سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا، پی ایچ ایف رینکنگ میں شامل ٹاپ آٹھ ٹیمیں ایونٹ میں شریک ہونگیں،دفاعی چمپئن نیشنل بینک اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، ایونٹ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کہنہ مشق ٹیکنیکل آفیشلز اور ایمپائرز کا تقرر کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن اور نیول سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے تعاون سے تیسرا چیف آف نیول سٹاف کپ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ یکم تا آٹھ اگست کراچی میں کھیلا جائیگا۔ ایونٹ کی دفاعی چمپئن ٹیم نیشنل بینک اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے پرعزم ہے،ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پی ایچ ایف رینکنگ کی ٹاپ آٹھ ٹیموں کو شرکت کیلئے دعوت نامہ اور ہدایات جاری کی گئی ہیں،ان ٹیموں میں سے بوجوہ اگر کوئی ٹیم مقررہ وقت تک انٹری کنفرم نہ کرسکی تو اسکی جگہ متبادل ٹیم کو شامل کیا جائیگا، پاکستان نیوی کی جانب سے ایونٹ کو شایان شان طریقہ سے منعقد کرانے کے لئے بہترین انتظامات کئے جائینگے،روشنیوں کے شہر کراچی میں قومی کھیل کے اس شاندار ایونٹ میں اولمپینز، انٹرنیشنل اور نیشنل سینئر و جونیئر کھلاڑیوں کی ایک کثیر تعداد میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ٹیموں کو شرکت کے دعوت نامہ جات ہدایات کے ساتھ ارسال کئے گئے ہیں۔ٹیموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مورخہ 18 جون تک اپنی شرکت کی تصدیق کردیں۔
وقت اشاعت : 14/06/2021 - 14:50:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :