بابراعظم، ویرات کوہلی اور کین ولیمسن ورلڈ کلاس کرکٹرز :راشد خان

تینوں میں سے بہترین کا فیصلہ کرنا مشکل، فی الحال آئی پی ایل اور پی ایس ایل کا تقابل نہیں کرسکتا: لیگ سپنر لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 جون 2021 14:45

بابراعظم، ویرات کوہلی اور کین ولیمسن ورلڈ کلاس کرکٹرز :راشد خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 جون 2021ء ) افغانستان اور لاہور قلندرز کے لیگ سپنر راشد خان نے دنیا کے 3 مایہ ناز بلے بازوں بابراعظم ، ویرات کوہلی اور کین ولیمسن کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 میں ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچز میں متاثر کن آغاز کرنیوالے راشد خان نے تینوں بلے بازوں کی بیٹنگ کی تعریف کی۔

انہوں نے کراچی کنگز کیخلاف آئندہ میچ میں بابراعظم کو باؤلنگ کرنے سے متعلق بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم عالمی معیار کا کھلاڑی ہے لیکن میں ہمیشہ اپنی طاقت کا جائزہ لیتا ہوں اور اسی کے مطابق باؤلنگ کرتا ہوں، میں میچ سے قبل کھلاڑیوں کی ویڈیوز دیکھتا ہوں تاکہ ان کی کمزوریوں کو معلوم کیا جاسکے اور میچ کے دوران اس کا استعمال کیا جاسکے، میں اچھی لائن اور لینتھ پر بولنگ کرنے کی کوشش کروں گا ، چیزوں کو آسان رکھوں گا اور میچ سے لطف اندوز ہوں گا۔

(جاری ہے)

راشد خان کا کہنا تھا کہ میری رائے میں یہ کہنا مشکل ہے کہ ان میں سب سے بہتر کون ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ ویرات کوہلی ، کین ولیمسن اور بابراعظم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں ، یہ ایسے کھلاڑی ہیں جو اپنی حدود اور شاٹس کو جانتے ہیں، انھوں نے اپنی اننگز شروع کرنے اور اسے ختم کرنے کا ایک پروسیس بنایا ہوا ہے جسے میں پسند کرتا ہوں ۔

راشد خان نے آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے مابین تقابل کے سوال پر کہا کہ میں نے 5 سال آئی پی ایل کھیلنے کے مقابلے میں پی ایس ایل میں ابھی بہت کم میچز کھیلے ہیں ،جب آپ مختلف میدانوں میں اور کرائوڈ کی موجودگی میں کھیلتے ہیں تو میں اس سوال کا جواب دینے کیلئے بہتر پوزیشن میں ہوںگا کیونکہ میں نے طرح طرح کے دباؤ کا مقابلہ کیا ہوگا۔ انہوں نے اس سال کے آخر میں پاکستان کے خلاف افغانستان کی ون ڈے سیریز کے بارے میں بھی اپنے خیالات شیئر کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف اچھی سیریز ہوگی کیونکہ کسی اعلی ٹیم کے خلاف کھیلنا اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سے آپکو اعتماد ملتا ہے ،میں اس سیریز کا منتظر ہوں اور امید ہے کہ ہمیں اچھی کرکٹ نظر آئے گی۔
وقت اشاعت : 15/06/2021 - 14:45:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :