پی ٹی آئی حکومت کا انگلینڈ پاکستان سیریز نشر نہ کرنے کے فیصلے کا کشمیر پالیسی سے کوئی تعلق نہیں: نجم سیٹھی

کشمیر کا نام استعمال کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے ڈرامہ کیا جارہا ہے،نشریاتی معاہدے کے بعد پی ٹی وی سونی برطانیہ یا سونی سے وابستہ دبئی کی کسی کمپنی کیساتھ معاہدہ کریگی: سابق چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 جون 2021 15:21

پی ٹی آئی حکومت کا انگلینڈ پاکستان سیریز نشر نہ کرنے کے فیصلے کا کشمیر پالیسی سے کوئی تعلق نہیں: نجم سیٹھی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت کا انگلینڈ پاکستان سیریز نشر نہ کرنے کے فیصلے کا کشمیر پالیسی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اگلے ماہ انگلینڈ کیخلاف قومی ٹیم کی دوطرفہ سیریز کو نشر کرنے سے قاصر ہے تو اس کی وجہ یہ ہوگی کہ پی ٹی وہ رقم ادا کرنے کیلئے تیار نہیں ہے جو براڈ کاسٹر اس سیریز کو پاکستان میں ٹیلی کاسٹ کرنے کے لیے مانگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نام کو استعمال کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کیلئے یہ سب ڈرامہ چلایا جارہا ہے، حقیقت یہ ہے کہ حکومت دباؤ کے حربے استعمال کررہی ہے اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کے لیے براڈکاسٹر جو ایک ہندوستانی کمپنی ہے ،کے ذریعے مانگی جانے والی رقم کو کم کروانے کی کوشش میں ہے۔

(جاری ہے)

ان کے تبصرے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے اس بیان کے جواب میں تھے کہ وفاقی کابینہ نے انگلینڈ کے میچوں کو ٹیلی کاسٹ کرنے کے خلاف فیصلہ کیا تھا کیونکہ ایک ہندوستانی براڈ کاسٹر سیریز کے حقوق رکھتا ہے۔

نجم سیٹھی نے پاکستانی شائقین کو یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی وی انگلینڈ اور دیگر آنے والی ٹیموں کے خلاف ہوم سیریز ٹیلی کاسٹ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نشریاتی معاہدے کے حتمی ہونے کے بعد پی ٹی وی سونی برطانیہ یا سونی سے وابستہ دبئی کی کسی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کریگی تاکہ یہ دعوی کیا جاسکے کہ یہ رائٹس براہ راست ہندوستانی براڈکاسٹر سے نہیں خریدا گیا ہے ۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں شامل کسی بھی بین الاقوامی کرکٹ سیریز کے ٹیلی کاسٹ کرنے جیسے معاملات کو ماضی میں کبھی بھی وفاقی کابینہ سے کسی منظوری کی ضرورت نہیں تھی۔ یہ ایک طویل عرصے سے پی ٹی وی کی روایت تھی کہ وہ ہر میچ دکھائے جس میں قومی ٹیم شامل ہو چاہے وہ دنیا کے کسی بھی علاقے میں کھیلا جائے۔ نجم سیٹھی نے دلیل دی کہ اگر نشریات میں ہندوستان کی شمولیت کوئی ایسا مسئلہ ہے تو انہیں پی ایس ایل کا حصہ بننے کے وقت کیوں کسی نے سوال نہیں اٹھایا۔

دریں اثناء ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی وی کو گذشتہ 6 سالوں کا بقایا رقم سونی ٹی وی کو ادا کرنا پڑا جو اس سیریز کے نشریاتی حقوق رکھنے والا ہندوستانی براڈ کاسٹر ہے۔ پی ٹی وی اس سے حقوق حاصل کرنے کے لئے ٹاور سپورٹس کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے کیونکہ یہ دبئی میں مقیم ایک کمپنی ہے جس کی سربراہی زاہد نورانی نامی پاکستانی کررہے ہیں ۔ ذرائع کو امید ہے کہ پی ٹی وی انتظامات مکمل کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔
وقت اشاعت : 18/06/2021 - 15:21:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :