پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 80 رنز سے شکست دیدی

لاہور قلندرز کی کوالیفائی کرنے کی امیدیں اب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کراچی کنگز کیخلاف جیت سے وابستہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جون 2021 00:49

پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 80 رنز سے شکست دیدی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 80 رنز سے شکست دیدی۔ ابوظبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 28ویں میچ میں قلندرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے اہم وکٹ حاصل کرتے ہوئے گزشتہ میچ کے ہیرو شان مسعود کو گولڈن ڈک پر رخصت کردیا۔

اس موقع پر کپتان محمد رضوان اور صہیب مقصود نے اسکور 45 رنز تک پہنچا دیا لیکن وکٹ کیپر بلے باز اس میچ میں بھی کچھ بجھے بجھے نظر آئے اور پانچویں اوور کی آخری گیند پر حارث رؤف کی وکٹ بن گئے۔ ویسٹ انڈین بلے باز جانسن چارلس نے 10 رنز کی اننگز کھیلی لیکن راشد خان کے آگے ان کی ایک نہ چلی اور وہ وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔

(جاری ہے)

60 رنز پر تین اہم وکٹیں گرنے کے بعد صہیب مقصود کا ساتھ دینے رائلی روسو آئے اور دونوں نے 63 رنز ی شراکت قائم کی، روسو 5 چوکوں سے مزین 29رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ صہیب مقصود نے نصف سنچری اسکور کی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ سلطانز بڑے مجموعے تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن اس مرحلے پر شاہین شاہ آفریدی اور جیمز فالکنر کے عمدہ اسپیل نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

صہیب مقصود 60 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد اسکور 141 تک پہنچتے پہنچتے سلطانز مزید تین وکٹیں گنوا چکے تھے۔ اس موقع پر ٹیم کا 150 رنز کرنا بھی محال نظر آتا تھا البتہ خطرناک عزائم کے ساتھ میدان میں اترنے والے سہیل تنویر نے ایک ہی اوور میں سکور کارڈ کو بدل کر رکھ دیا۔ سہیل تنویر نے حارث رؤف کی جانب سے کرائے گئے اننگز کے آخری اوور میں 24 رنز بنائے جس کی بدولت سلطانز 169 رنز کا مجموعہ تسکیل دینے میں کامیاب رہے، سہیل تنویر نے 29رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین اور جیمز فالکنر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور قلندرز کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام رہی،لاہور قلندرز 100 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے بین ڈنگ 5، فخرزمان 13، محمد حفیظ 14، آغا سلمان 13، سہیل اختر 5، ٹم ڈیوڈ 10، راشد خان 2 رنز جب کہ جیمز فالکنر 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دھانی 4، عمران خان 3 ، بلیسنگ مزارابانی 2 اور عمران طاہر ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز کی تیسرے اور ملتان سلطانز کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
وقت اشاعت : 19/06/2021 - 00:49:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :