محمد عامر پرفارم کرکے قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں :مصباح الحق

جتنی اچھی ٹیموں کیخلاف کھیلیں گے ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے اچھا موقع ہے: ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جون 2021 12:55

محمد عامر پرفارم کرکے قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں :مصباح الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ فاسٹ بائولر محمد عامر پرفارم کرکے قومی ٹیم میں واپسی کرسکتے ہیں۔ ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا محمد عامر کے بارے میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں اور اب دوبارہ کہہ رہا ہوں کہ فاسٹ بائولر پرفارمنس اور انجریز کی وجہ سے قومی ٹیم سے ڈراپ ہوئے تھے، میرا ان سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے ،وہ 2016ء میں میری کپتانی اور کوچنگ میں واپس آئے، مجھے نہیں پتہ کہ محمد عامر کا کیوں مسئلہ بنایا گیا، محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہوئی ہے، اگر وہ ریٹائرمنٹ واپس لیتے ہیں اور اچھا پرفارم کرتے ہیں تو کیوں نہیں واپس آسکتے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس وقت ہے اور ہم سیریز میں مسائل کو کم کرنے کی کوشش کریں گے تاہم فیلڈنگ میں زیادہ پریکٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں سب کو محنت کرنی ہوگی، فیلڈنگ میں بہتری خوش آئند بات ہے جس سے قومی کرکٹ ٹیم کا معیار بہتر ہوا ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کی کوشش کر رہے ہیں، مڈل آرڈر کے مسائل پر تحفظات ہیں تاہم کوشش کریں گے کہ اسے حل کریں ،فیلڈنگ میں کیچز کم ڈراپ ہو رہے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ حارث رئوف نے 3 سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی، کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو مسائل کا سامنا رہا، ورلڈکپ میں جانے سے پہلے ٹیم میں بہتری لائیں گے جب کہ ٹیم کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے پہلے ہی کوشاں ہیں،جتنی اچھی ٹیموں کے خلاف کھیلیں گے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اچھا موقع ہے۔ مصباح الحق نے کہا کہ اعظم خان کو قومی ٹیم میں لانے کے لیے کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں تھا، ان سے قبل نمبر 5 اور 6 پر جن کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا وہ پرفارم نہیں کرسکے، اعظم خان کو ان کی صلاحیتوں اور بہترین سٹرائیک ریٹ کی وجہ سے موقع دیا گیا، انہیں فٹنس بہتر بنانے کے لیے ٹارگٹ دیے گئے ہیں جن پر وہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/06/2021 - 12:55:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :