پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف

شان مسعود کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 20 جون 2021 00:51

پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا ہے ۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 30ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ملتان سلطانز کے اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان نے اپنی ٹیم 93 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، شان نے 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے۔

اس شراکت کا خاتمہ شان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا جو افتخار کو وکٹ دے کر چلتے بنے۔ فواد احمد نے ایک ہی اوور میں محمد رضوان اور صہیب مقصود کا کام تمام کردیا۔ رائلی روسو صرف دو رنز بنانے کے بعد شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔ جانسن چارلس کا ساتھ دینے حماد اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 27 رنز جوڑے لیکن 137 کے سکور پر دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

یونائیٹڈ کو سلطانز کے ٹیل اینڈرز کو چلتا کرنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 149 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ فواد احمد اور فیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے اور ملتان سلطان دوسرے نمبر پر موجود ہے اور دونوں ٹیمیں پلے آف میں جگہ بنا چکی ہیں۔

میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں اور آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ ملتان سلطانز نے بھی اپنی ٹیم میں چند اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے باؤلرز کو آرام کا موقع فراہم کیا ہے۔ میچ کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان(کپتان)، عمر امین، برینڈن کنگ، محمد اخلاق، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، علی خان اور فواد احمد پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان(کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، حماد اعظم، عثمان قادر، سہیل خان، بلیسنگ مزربانی، محمد عمر اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 20/06/2021 - 00:51:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :