جونیئر کھلاڑیوں کیلئے سینئرز کا احترام لازمی ہے: معین خان

نوجوان کھلاڑیوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب وہ سینئر ہوجائیںگے تو انکے جونیئر بھی ان کے ساتھ یہی سلوک کریںگے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 20 جون 2021 13:52

جونیئر کھلاڑیوں کیلئے سینئرز کا احترام لازمی ہے: معین خان
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان اپنی ٹیم کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکامی پرکھلاڑیوں کی کارکردگی سے متاثر نہیں ہیں۔ ایک انٹرویو میں 50 سالہ معین خان نے ایونٹ کے دوران ٹیم کے غیر مناسب کمبی نیشن پر افسوس کا اظہار کیا۔ معین خان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا کیونکہ ہم مناسب ٹیم کمبی نیشن بنانے میں ناکام رہے، میں ایک بھی ایسے کھلاڑی کا نام نہیں لے سکتا جس نے ایونٹ کے دوران مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو، مارچ میں پی ایس ایل کے ملتوی ہونے کے بعد کرس گیل اور خاص طور پر قیس احمد کی غیر موجودگی نے ہمیں تکلیف دی۔

ادھر ایونٹ کے دوسرے نصف حصے کے دوران فاف ڈو پلیسی اور آندرے رسل بھی زخمی ہوئے، اعظم خان اور سرفراز احمد نے بھی توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ بحیثیت ہیڈ کوچ مجھ سے بھی کچھ غلطیاں کی ہو سکتی ہیں لیکن بالآخر میدان میں جاکر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا کھلاڑیوں کا کام ہے جو وہ کرنے کے قابل نہیں تھے، کھلاڑیوں کی طرف سے مناسب انداز اپنانے کا فقدان تھا اور وہ پرسکون نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

معین خان نے اپنے بیٹے اعظم خان کے بارے میں بھی تفصیل سے بات کی جن کو دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لئے پاکستانی ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر طرح کی کرکٹ میں دباؤ ہے ، خواہ وہ کلب ہو یا بین الاقوامی، اہم بات یہ ہے کہ آپ اس صورتحال سے کس طرح نپٹتے ہیں جو ہر کھلاڑی کو سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اعظم خان باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو اپنی بیٹنگ سے کھیل کو تبدیل کرسکتے ہیں لیکن انہیں اب بھی سخت دبائو میں بڑی اننگز کھیلنے کا ہنر سیکھنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے دنوں کے مقابلے میں ان دنوں پاکستان ٹیم میں شامل ہونا آسان ہے لیکن اپنی ٹیم کو اپنی ٹیم میں برقرار رکھنا زیادہ مشکل ہے، اعظم کو ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کے لیے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ معین خان کا ماننا ہے کہ سرفراز کو ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا لیکن اپنی پوری کوشش کی ،میرے خیال میں انہیں محمد رضوان کی طرح اوپننگ یا نمبر 3 پر بیٹنگ آرڈر میں خود کو پروموٹ کرنا ہوگا، اس سے ان کی ٹیم کو ایک اضافی بلے باز شامل کرنے اور ٹیم کا کمبی نیشن بہتر بنانے میں زیادہ آسانی ہوگی ۔

معین خان نے یہ بھی کہا کہ سرفراز اور شاہین آفریدی کے مابین آن فیلڈ تکرار کے بعد کھلاڑیوں کو سینئرز کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیزیں ہیٹ آف دی مومنٹ میں ہوتی ہیں، میں نے بھی کرکٹ کھیلی ہے لہذا میں فاسٹ باؤلر کی جارحیت کو پوری طرح سمجھتا ہوں لیکن سینئر کھلاڑی کا احترام بھی ضروری ہے، شاہین نے مڈ آف سے کچھ نامناسب باتیں کہی جب وہ بولنگ نہیں کررہے تھے جو سرفراز کو پسند نہیں آئیں، نوجوان کھلاڑیوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب وہ سینئر ہوجائیں گے تو ان کے جونیئر بھی ان کے ساتھ یہی سلوک کریں گے۔
وقت اشاعت : 20/06/2021 - 13:52:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :