دفاعی چیمپئن کراچی کنگز پی ایس ایل 6 سے باہر

پشاور زلمی آج دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جون 2021 03:20

دفاعی چیمپئن کراچی کنگز پی ایس ایل 6 سے باہر
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹر میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز پشاور زلمی کے ہاتھوں شکست کے بعد پی ایس ایل 6 سے باہر ہوگئی ہے۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حضرت اللہ زازئی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور کنگز کو اوپنرز نے 49نز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن ایک ہی اوور میں دو چوکے لگانے کے بعد کامران اکمل افغان سپنر نور احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ سے زازئی نےنصف سنچری مکمل کی لیکن امام الحق 17 گیندوں کھیلنے کے باوجود صرف 11 رنز بنا کر تھسارا پریرا کو وکٹ دے بیٹھے۔پریرا نےاپنے اگلے اوور میں زازئی کی اہم وکٹ حاصل کی جنہوں نے 38 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 77رنز بنائے۔شعیب ملک کا ساتھ دینے عثمان خالد آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے 52 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو ہدف کے انتہائی قریب پہنچا دیا لیکن پھر دونوں ہی بلے باز بالترتیب 30 اور 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

(جاری ہے)

آخری اوور میں زلمی کو فتح کے لیے 7 رنز درکار تھے لیکن کراچی کنگز کے فیلڈر نے دو اہم کیچ ڈراپ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی امیدوں پر پانی پھیر کردیا اور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ میں 5وکٹوں سے فتح اپنے نام کرلی۔ اس فتح کے ساتھ ہی دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز کا پاکستان سپر لیگ میں سفر کا خاتمہ ہو گیا اور پشاور زلمی کا فائنل میں رسائی کے لیے آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے میچ ہو گا۔

اس سے قبل ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے پہلے ایلمنیٹر میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم نے اپنی ٹیم کو 41 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد 26 رنز بنانے والے شرجیل اپنی وکٹ سے محروم ہو گئے۔ اگلے اوور میں عمید آصف نے نیوزی لینڈ سے آئے مارٹن گپٹل کو کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

بابر نے دانش کے ساتھ مل کر سکور کو 73 رنز بنائے لیکن تیزی سے رنز نہ بننے کے سبب پڑنے والے دباؤ کی وجہ سے دانش عزیز بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔ بابراعظم پوری اننگز میں جدوجہد کرتے نظر آئے اور کسی بھی موقع پر کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے، وہ 45 گیندوں پر صرف 53 رنز بنا سکے۔ پریرا نے تیزی سے کھیلنے کا بیڑا اٹھایا اور خالد عثمان کے ایک اوور میں 22 رنز بٹورنے کے ساتھ ساتھ 18 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی لیکن عمید آصف نے انہیں چلتا کردیاجبکہ چیڈوک والٹن نے صرف 9رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں عماد وسیم سمیت کراچی کنگز کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت دفاعی چیمپئن ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔۔ آج کے میچ میں شکست کھانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ فاتح ٹیم کا فائنل میں جگہ بنانے کے لیے کل اسلام آباد یونائیٹڈ سے مقابلہ ہو گا۔ میچ کے لیے کراچی کنگز عماد وسیم(کپتان)، بابراعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، شیڈوک والٹن، تھیسارا پریرا، عماد وسیم، دانش عزیز، نور احمد، محمد عامر، محمد الیاس، ارشد اقبال کے ساتھ میدان میں اتری ہے جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حضرت اللہ زازئی، امام الحق، صہیب مقصود، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، خالد عثمان، عمید آصف، محمد عرفان، محمد عمران شامل ہیں ۔

وقت اشاعت : 22/06/2021 - 03:20:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :