یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے عہدے سے مستعفی

سابق کپتان کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء تک کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ لگایا گیا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جون 2021 12:03

یونس خان قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے عہدے سے مستعفی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جون 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے آج باہمی طور پر راستے جدا کرنے پر اتفاق کیا۔ یونس خان کے مستعفی ہونے کے بعد دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے۔ اس دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہو گی، جہاں اسے 24 اگست تک 5 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یونس خان کو گذشتہ سال نومبر میں آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2022ء تک کے لیے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا ۔

یاد رہے کہ ‏یونس خان نے 2000ء سے 2017ء کے دوران 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جب کہ 265 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹونٹی میچز میں 442 رنز سکور کئے۔ پاکستان کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے یونس خان نے سب سے زیادہ 34 ٹیسٹ سنچریاں بھی سکور کیں، ان کا بہترین سکور 2009ء میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313 رنز تھا۔ یونس خان آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009ء کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کپتان بھی تھے۔
وقت اشاعت : 22/06/2021 - 12:03:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :