پی سی بی کے ساتھ شدید اختلافات یونس خان کی علیحدگی کی وجہ بنے

جنوبی افریقا کیخلاف ہوم سیریز سے پہلے محمد یوسف کو کیمپ میں بھیجنا یونس کو اچھا نہیں لگا، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز،انکے طریقے پر بھی تحفظات تھے: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جون 2021 15:19

پی سی بی کے ساتھ شدید اختلافات یونس خان کی علیحدگی کی وجہ بنے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جون 2021ء ) منگل کے روز پی سی بی سے راہیں جدا کرنیوالے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان اور کرکٹ بورڈ کے درمیان اختلافات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق یونس خان نے پی سی بی سے شدید اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کی، مختلف اختلافات کی وجہ سے یونس خان نے دورہ انگلینڈ سے قبل لاہور کے بائیو سیکیور ببل میں بھی رپورٹ نہیں کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق یونس خان نے تاخیر سے ببل میں رپورٹ کرنا تھی اور اس دوران پی سی بی کے اعلیٰ عہدیدار ان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے اختلافات ختم کرنے کی کوشش کرتے رہے تاہم کامیابی نہیں ملی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کے پی سی بی انتظامیہ کے ساتھ اختلافات کی وجہ متعدد امور تھے، جنوبی افریقا کے خلاف رواں سال کے آغاز پر ہوم ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز سے پہلے سابق کپتان محمد یوسف کو قومی ٹیم کے کیمپ میں بھیجنا بھی یونس خان کو اچھا نہیں لگا تھا ، یونس خان کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) کے کوچز اور ان کے طریقے پر بھی تحفظات تھے جس پر پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ذاتی کوششوں سے یونس خان کو بیٹنگ کوچ کی پوزیشن سنبھالنے کیلئے راضی کیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ یونس خان ماضی میں انڈر 19 کا کوچ بننے سے بھی منع کرچکے ہیں جب کہ 3 سال قبل وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں مناسب کمرہ نہ ملنے پر کوچنگ کورس چھوڑ کر چلے گئے تھے جبکہ 2006ء میں یونس خان نے اچانک کپتانی سے بھی دستبرداری اختیار کرلی تھی، اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران بھی یونس خان کے کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات ناخوشگوار رہتے تھے اور اسی وجہ سے یونس خان کا بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنا ناقدین کے لیے حیران کن تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو وقتی طور پر قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپی جاسکتی ہیں۔
وقت اشاعت : 22/06/2021 - 15:19:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :