انڈر 16 چیمپئن شپ،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے سپورٹس تنظیموں کے نمائندوں کی ملاقات

انڈر 16 چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے، کھلاڑی تیار کئے بغیر سپورٹس ترقی نہیں کرسکتی‘ڈی جی سپورٹس پنجاب

منگل 22 جون 2021 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے سپورٹس تنظیموں کے نمائندوں نے منگل کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی۔ ملاقات میں انڈر 16 چیمپئن شپ کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کرنے والوں میں سیکرٹری جنرل پنجاب پاور لفٹنگ ایسوسی ایشن راشد ملک، نائب صدر پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن شاہد مرزا ،ایسوسی ایٹ سیکرٹری پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن عاطف شفیق اور سیکرٹری جنرل پنجاب بیڈ منٹن ایسوسی ایشن طیب سہیل شامل تھے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان ، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم عمر کھلاڑی تیار کئے بغیر سپورٹس ترقی نہیں کرسکتی، انڈر 16 چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد نیا ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے، سپورٹس کلبز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، انڈر 16کھلاڑی تیار کرکے ہی قومی ٹیمیں مضبوط ہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب تمام سپورٹس ایسوسی ایشنز سے تعاون کررہاہے، ایسوسی ایشنز کھیلوں کا پلان لائیں،ان کو ہر طرح کی سہولت فراہم کریں گے، سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے سپورٹس تنظیموں سے مل کر کام کررہے ہیں، انڈر 16 چیمپئن شپ میں سپورٹس ایسوسی ایشنز کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ سامنے لایا جاسکتے۔ سپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نئے کھلاڑیوں کی کھیپ کی تیاری کے لئے مستحسن اقدامات کررہا ہے جس سے سپورٹس کوترقی اور فروغ مل رہا ہے۔
وقت اشاعت : 22/06/2021 - 23:09:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :