شاہد آفریدی گھر میں رہ کر ہم سے الگ نہیں ، مشورے ٹیم کے کام آرہے ہیں :محمد رضوان

کپتانی کا کوئی شوق نہیں، اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ سب کچھ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے، خود کو بڑا کھلاڑی، کپتان نہیں سمجھتا : کپتان ملتان سلطانز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جون 2021 12:09

شاہد آفریدی گھر میں رہ کر ہم سے الگ نہیں ، مشورے ٹیم کے کام آرہے ہیں :محمد رضوان
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 جون2021ء ) پی ایس ایل 6 کے فائنل میں پہلی بار پہنچنے والی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ شاہد آفریدی گھر میں رہ کر ہم سے الگ نہیں ، مشورے ٹیم کے بہت کام آرہے ہیں ۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ شاہد آفریدی جیسے عظیم کھلاڑی کی کمی بہت محسوس کی، وہ بہت بہادر اور ایک مثالی کھلاڑی ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، شاہد بھائی ہر میچ سے پہلے اپنی رائے دیتے ہیں، وہ گھر میں رہ کر بھی ہم سے الگ نہیں۔

ان کے مشورے ٹیم کے بہت کام آرہے ہیں۔ محمد رضوان نے کہا کہ میچز سے پہلے میٹنگ میں سب لڑکوں کو یہ ہی بولا تھا کہ چاہے سارے میچز ہار جائیں، کوئی پروا نہیں کرنی، اپنے نیچرل انداز سے کھیلنا ہے اور یہ بات بس دماغ میں رکھنی ہے کہ ہم چمپئن بن سکتے ہیں اور اس بار کے چیمپئن ہم ہی ہیں۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ انہیں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، شاید مجھ میں ہی کوئی کمی رہ گئی ہوگی، کسی سے کوئی گلہ نہیں، ٹی وی پر مجھے ٹی ٹونٹی کا کھلاڑی قرار نہ دینے والوں سے بھی کوئی شکوہ نہیں، ملتان سلطانز میں آنے کے بعد یہ ایک بہت چیلنج تھا کہ جو توقعات وابستہ کی گئی ہیں۔

کپتانی کے حوالے سے سوال پر ملتان سلطانز کے قائد نے کہا کہ اس کا کوئی شوق نہیں، اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ سب کچھ اللہ کی طرف سے ہوتا ہے اور وہ ہی مدد کرتا ہے، میں خود کو بڑا کھلاڑی اور کپتان نہیں سمجھتا، بلکہ ہر ایک سے سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں۔ عثمان قادر کو زیادہ موقع نہ دینے پر رضوان نے واضح کیا ہے کہ ابوظہبی کی پچز پر 2 لیگ سپنرز کیساتھ کھیلنا مشکل ہے،عثمان قادر بہت باصلاحیت ہے تاہم ٹیم کمبی نیشن میں اسکو کھلانا ہمارے لیے زیادہ سود مند نہیں۔ محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم اونر اور ٹیم مینجمنٹ نے ہر معاملے میں بہت سپورٹ کیا، ان کے شکرگزار ہیں۔
وقت اشاعت : 24/06/2021 - 12:09:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :