وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور اظہر علی کی ملاقات

بدھ 9 جولائی 2014 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 9جولائی 2014ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور اظہر علی نے پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے ملاقات کی اس موقع پر مصباح الحق نے موجودہ مالی سال کے دوران کھلاڑیوں کو پروفیشنل خدمات کے زمرے سے نکالنے پر وزیر خزانہ سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی آمدن پر 10 فیصد کی شرح سے ٹیکس مناسب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے کھلاڑی صرف پانچ سے چھ سال کے عرصہ کیلئے بین الاقوامی کرکٹ کھیل کر رقم کما سکتے ہیں جس کے بعد باعزت زندگی گزارنے کیلئے انکے پاس کوئی راستہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، آرکیٹیکٹس اور دیگر پروفیشنلز ساری زندگی اپنے شعبے کے ذریعے کمائی کر سکتے ہیں لیکن کھلاڑیوں کیلئے ایسا ممکن نہیں اس لئے انہیں پروفیشنل سروسز کی کیٹگری میں نہیں رکھا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر خزانہ سے درخواست کی کہ ایف بی آر کو ہدایت کی جائے کہ گزشتہ چار سالوں کے ٹیکس کے معاملات موجودہ دس فیصد فلیٹ ریٹ کی شرح سے نمٹائے جائیں ۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹیکسوں کی ادائیگی ہمارا قومی فریضہ ہے تاکہ ملک میں ترقیاتی سرگرمیاں ممکن ہو سکیں انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے کے نادار طبقے کیلئے سماجی تحفظ کے نیٹ کیلئے بھی رقوم کی ضرورت ہوتی ہے ۔ وزیر خزانہ نے کرکٹرز کو یقین دلایا کہ انکے تحفظات کا ازالہ کیا جائیگا تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کر سکیں ۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ ، وزیر خزانہ کے مشیر رانا اسد امین اور وزارت کے حکام بھی موجود تھے ۔

وقت اشاعت : 09/07/2014 - 19:48:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :