ہالینڈ نے برازیل کو ہرا کر فٹبال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی، میزبان برازیل کو ہالینڈ سے تین صفر سے شکست کا سامنا کرناپڑا،برازیل نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کئے اور میگا ایونٹ میں چوتھے نمبر پر رہا

اتوار 13 جولائی 2014 14:27

برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جولائی۔2014ء) فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں ہالینڈ نے میزبان برازیل کو صفر کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا کر فٹبال کے میگا ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق برازیل کے شہر برازیلیا میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے منٹ میں ہی ہالینڈ کو پنالٹی کک ملی جس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے وین پرسی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی جسے ڈیلے بلائینڈ نے 17ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے 0-2 کردیا، کم وقت میں ہالینڈ کے 2 گول ہونے کے بعد ایسا لگنے لگا جیسے برازیل کا آج بھی جرمنی کے خلاف میچ جیسا حال ہوگا تاہم برازیلی کھلاڑیوں نے اس بار غلطی نہ دہرائی اور دفاع کے شعبے کو مضبوط کرکے ہالینڈ کو مزید گول کرنے کا موقع نہ دیا اور یوں میچ کا پہلا ہاف ہالینڈ کی 2 گول کی برتری پر ختم ہوا۔

(جاری ہے)

میچ کے دوسرے ہاف میں برازیل کی ٹیم پرجوش انداز میں میدان میں اتری اور دوسرے ہاف کے ابتدا سے ہی ہالینڈ کے گول پوسٹ پر بھرپور وار کئے لیکن مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر وار کے دوران برازیلی کھلاڑیوں نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کئے جس سے ہالینڈ کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی اور اس کی فتح نظر آنے لگی جسے جیورجینیو ونالڈوم نے میچ کے آخری لمحات میں گول کرکے یقنی بنادیا اور ہالینڈ نے تیسری پوزیشن کا یہ میچ صفر کے مقابلے میں 3 گول سے اپنے نام کرلیا جبکہ اس میگا ایونٹ میں برازیل چوتھے نمبر پر جگہ بناسکا

وقت اشاعت : 13/07/2014 - 14:27:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :