پاکستان یو اے ای کیساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی کا خواہشمند

پی سی بی نے 50 اوورز ورلڈ کپ کی میزبانی سری لنکا اور بنگلادیش کے ساتھ ملکر کرنے کی خواہش ظاہر کردی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 2 جولائی 2021 14:52

پاکستان یو اے ای کیساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی کا خواہشمند
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 جولائی 2021ء ) پاکستان یو اے ای کے ساتھ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی کا خواہاں ہے جبکہ 50 اوورز ورلڈکپ کی میزبانی سری لنکا اور بنگلادیش کے ساتھ ملکر کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔ پی سی بی نے 31-2024ء کے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل 6 آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کیلئے اظہار دلچسپی جمع کرایا جس میں 2025ء اور 2029ء کی چیمپئنز ٹرافی شامل ہیں، یہ 3 وینیوز کا ٹورنامنٹ ہے اور پاکستان کے پاس کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان کی صورت میں 4 کرکٹ سینٹرز موجود ہیں، کچھ عرصے بعد پشاور کا نام بھی اس فہرست میں آجائے گا، اسی لیے پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی اکیلے میزبانی کرنا چاہتا ہے، 8 وینیوز پر کھیلے جانیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026ء اور 2028ء کیلئے پی سی بی متحدہ عرب امارات کے ساتھ ملکر مشترکہ میزبانی کرے گا، 10 وینیوز پر شیڈول 50 ورلڈ کپس 2027ء اور 2031ء کی میزبانی میں سری لنکا اور بنگلادیش کو شامل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی سی بی نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ 4 اہم ہوم سیریز سے قبل غیرجانبدار سکیورٹی کمپنی ایسٹرن سٹار انٹرنیشنل کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ آئی سی سی نے2017ء میں ورلڈ الیون کے دورے سے قبل پاکستان میں سکیورٹی جائزے کے مذکورہ کمپنی کو 1.4 ملین ڈالرادا کیے تھے، یہ کرکٹ کی عالمی کونسل کی بھی سکیورٹی کنسلٹنٹ ہے اور کرکٹرز کی عالمی تنظیم فیکا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو بھی سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مشاورت فراہم کرتی ہے۔

پاکستان کو ستمبر 2021ء سے مارچ 2022ء تک نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز کھیلنا ہیں، ایسٹرن سٹار انٹرنیشنل سے معاہدے کا مقصد ان ٹیموں کو دورے سے قبل مکمل سکیورٹی جائزے اور پلاننگ سے مطمئن کرنا ہے۔
وقت اشاعت : 02/07/2021 - 14:52:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :