پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کا طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو ورلڈ کپ پلاننگ کا حصہ بناتے ہوئے احتیاط سے کام لینے کا فیصلہ

پیر 14 جولائی 2014 12:33

پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کا طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو ورلڈ کپ پلاننگ کا حصہ بناتے ہوئے احتیاط سے کام لینے کا فیصلہ

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 14جولائی 2014ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی نے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کو ورلڈ کپ پلاننگ کا حصہ بناتے ہوئے احتیاط سے کام لینے کا فیصلہ کرلیا ذرائع کے مطابق 32سالہ فاسٹ بولر کی قومی ٹیم میں واپسی اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں ہوگی۔پاکستان کی جانب سے چار ٹیسٹ،27ون ڈے انٹر نیشنل اور سات ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل کھیلنے والے عرفان 15نومبر کو دبئی میں بولنگ کراتے ہوئے گر کر ان فٹ ہوئے تھے۔

ان کے کولہے میں فریکچر تھا۔مسلسل علاج اور پی سی بی کی توجہ کے باعث اب وہ صحت یاب ہوگئے ہیں تاہم ان کی جسمانی ساخت کو سامنے رکھتے ہوئے سلیکٹرز اور کوچز ان کے بارے میں کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتے۔

(جاری ہے)

گذشتہ دنوں پی سی بی نے عرفان کو کراچی میں ہونے والے رمضان ٹورنامنٹ کے لئے این او سی جاری کی تھی تاہم پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے انہیں رمضان ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے روک دیا۔

عمرے کی ادائیگی کے بعد عرفان لاہور میں ہیڈ کوچ وقار یونس کی نگرانی میں اپنی فٹنس پر کام کررہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عرفان اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹر نیشنل اور ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل ٹیم میں شامل ہوں گے۔اس کے بعد ٹیم انتظامیہ انہیں احتیاط سے استعمال کرتے ہوئے ورلڈ کپ کھلائیں گے۔ٹیم انتظامیہ کے مطابق عرفان ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے اہم رکن ہوں گے۔

وہ اپنی بولنگ سے ٹیم کو کامیابی دلواسکتے ہیں۔عرفان کے مقابلے میں عمر گل گھٹنے کے آپریشن کے بعد ایک بار پھر گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں۔اس لئے انہیں سری لنکا کے دورے کے لئے پاکستان ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔عمرگل نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئینٹی میں یکم اپریل کو اپنا آخری میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔گذشتہ ہفتے لارڈز میں ایم سی سی کی جانب سے کھیلتے ہوئے وہ دو اوورز کرانے کے بعد ان فٹ ہوگئے تھے۔ذرائع کے مطابق عمر گل کی فٹنس کو بہتر بنانے کے لئے پی سی بی کا میڈیکل پینل کام کرے گا۔

وقت اشاعت : 14/07/2014 - 12:33:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :