یوروکپ سیمی فائنل: مداح کی جانب سے ڈینش کیپر کو لیزر لائٹ مارنے پر انگلش ٹیم کو کارروائی کا سامنا

یورو کپ کے سیمی فائنل کے آخری لمحات میں ڈنمارک کے گول کیپر کے چہرے پر انگلش مداح کی جانب سے ’لیزرلائٹ‘ ماری گئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 جولائی 2021 12:38

یوروکپ سیمی فائنل: مداح کی جانب سے ڈینش کیپر کو لیزر لائٹ مارنے پر انگلش ٹیم کو کارروائی کا سامنا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جولائی 2021ء ) یورو کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچ میں انگلش مداح کی جانب سے ڈنمارک کے گول کیپر پر لیزر لائٹ مارنے پر انگلش فٹ بال ٹیم کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔ یورو کپ کے سیمی فائنل میچ کے آخری لمحات میں ڈنمارک کے گول کیپر کے چہرے پر سٹیڈیم میں موجود نامعلوم برطانوی شائق کی جانب سے ’لیزر لائٹ‘ ماری گئی جس کا مقصد گول کیپر کی جانب سے پینالٹی روکنے کی کوشش کو متاثر کرنا تھا۔

لیزر لائٹ مارنے کے بعد انگلش کھلاڑی ہیری کین نے کک لگائی جسے کیپر نے روک لیا تاہم دوسری کوشش میں گول ہوگیا۔ یوئیفا نے یوروکپ سیمی فائنل کے دوران ڈنمارک کے گول کیپر کو ’لیزر لائٹ‘ مارنے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ یوئیفا کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات یوئیفا کی کمیٹی کرے گی۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیا کے مطابق انگلش ٹیم پر ڈنمارک کے قومی ترانے کے دوران انگلش مداح کی جانب سے نامناسب رویہ اپنانے اور وقت سے پہلے آتشبازی کرکے قومی ترانے میں خلل ڈالنے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان فیصلہ کن میچ 1-1 سے برابر رہا ، میچ کا فیصلہ اضافی ٹائم میں ہوا، جہاں انگلش کپتان نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلائی ۔ ورلڈ کپ 1966ء کے بعد انگلش ٹیم کسی بڑے فٹبال ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ یورو کپ کا فائنل اتوار کی رات 12 بجے انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان ہوگا۔
وقت اشاعت : 09/07/2021 - 12:38:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :