سندھ حکومت نے بلڈ کینسر کے شکار ہاکی اولمپیئن نوید عالم کے علاج کی ذمہ داری اٹھا لی

شوکت خانم ہسپتال کو خط میں کہہ دیا کہ سندھ حکومت نوید عالم کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کریگی: ٹیکنیکل آفیسر فیض منگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 9 جولائی 2021 14:38

سندھ حکومت نے بلڈ کینسر کے شکار ہاکی اولمپیئن نوید عالم کے علاج کی ذمہ داری اٹھا لی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جولائی 2021ء ) بلڈ کینسر میں مبتلا ہاکی اولمپیئن نوید عالم کے علاج کی ذمہ داری سندھ حکومت نے لے لی ہے ۔ سندھ حکومت کے ٹیکنیکل آفیسر فیض منگی کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کو خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت ہاکی اولمپیئن نوید عالم کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ فیض منگی کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر قومی ہیرو نوید عالم کا علاج کرایا جا رہا ہے۔

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین کو سندھ حکومت کا خط موصول ہوگیا ہے ۔ حیدر حسین کا کہنا تھا کہ نوید عالم کے شوکت خانم ہسپتال میں داخلے سے متعلق فیملی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اولمپیئن اور 1994ء کے ہاکی ورلڈ کپ کے ہیرو نوید عالم کو چند روز قبل بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

شوکت خانم ہسپتال میں 47 سالہ نوید عالم کو بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی ۔

ان کی بیٹی ہاجرہ نوید کے مطابق شوکت خانم کے ڈاکٹروں نے علاج کا تخمینہ 40 لاکھ روپے بتایا ہے۔ حاجرہ نوید نے والد کے علاج کے لیے مالی مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بابا نے پاکستان کو 1994ء کا ورلڈ کپ جتوایا ،علاج میں مدد کی ضرورت ہے ، انہوں نے نوید عالم کے علاج کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپیل کی تھی ۔ واضح رہے کہ نوید عالم ورلڈ کپ 1994ء جیتنے والی قومی ٹیم اور چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ کا حصہ تھا۔ انہوں نے بیجنگ اولمپکس میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔                                                   
وقت اشاعت : 09/07/2021 - 14:38:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :