معذور مداح قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے لارڈز سٹیڈیم پہنچ گیا

تصاویر میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بھی مداح کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 10 جولائی 2021 16:59

معذور مداح قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے لارڈز سٹیڈیم پہنچ گیا
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 جولائی 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف لارڈز میں کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے میچ میں سپورٹ کرنے کیلئے مداح وہیل چیئر پر پہنچ گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹویٹر پر نوعمر شائق کی تصویر شیئر کی گئی ہے۔ شیئر کی جانیوالی ٹویٹ میں کہا گیا کہ ’’ہمیں آج خصوصی طور پر سپورٹ کرنے ہمارے بہت ہی خاص مداح لارڈز میں موجود ہے، پی سی بی کی جانب سے جاری تصاویر میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو بھی مداح کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹویٹ میں معذور کرکٹ شائق کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا سائٹ ٹویٹر پر ماجد مجید نامی صارف نے ایک کرکٹ شائق کی مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی کرسی پر بیٹھے قومی ٹیم کی انگلینڈ دورے میں کامیابیوں کیلئے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

پیغام کے آغاز میں معذور کرکٹ مداح قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو سلام کرنے کے بعد اپنا تعارف کرواتے ہیں اور پھر انگلینڈ میں اُن کو ویلکم کہتے ہیں۔

نوعمر مداح بابراعظم کیلئے جاری کی گئی ویڈیو میں کہتے ہیں کہ میں آپ کا بہت بڑا پرستار ہوں اور ہمیشہ آپ کو سپورٹ کرتا ہوں، اللہ آپ کو ہر کامیابی سے نوازے۔
جواب میں بابراعظم نے اس ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے پُرجوش خیر مقدم اور نیک خواہشات کا شکریہ، آپ کیلئے بھی بہت سا پیار اور دعائیں‘۔
مداح کی جانب سے پیغام سامنے آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابراعظم کے ساتھ عقیل کی ایک آن لائن ملاقات کا اہتمام کیا اور اس سے اس کا خواب سچ ہو گیا۔

بابراعظم نے اپنے مداح کو بتایا کہ ’میں نے آپ کی ویڈیو دیکھی ہے اور مجھے واقعی میں یہ پسند آئی ، ہمارے ساتھ تعاون کرنے کے لئے آپ کا شکریہ ، آپ کی حمایت ہمیں ہر بار مضبوط بناتی ہے‘۔
واضح رہے کہ بابراعظم اس وقت دنیا کے سرفہرست 5 بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں، ان کی کور ڈرائیو دنیا بھر کے کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے لئے خاص ہیں۔
وقت اشاعت : 10/07/2021 - 16:59:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :