کینسرکے مرض میں مبتلا اولمپیئن نوید عالم انتقال کرگئے

گزشتہ رات کیموتھیراپی کے بعد والد کی طبیعت بگڑ گئی تھی، آئی سی یو منتقل کیا گیا تاہم وہ خالق حقیقی سے جاملے: بیٹی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 13 جولائی 2021 13:21

کینسرکے مرض میں مبتلا اولمپیئن نوید عالم انتقال کرگئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جولائی 2021ء ) کینسرکے مرض میں مبتلا اولمپیئن نوید عالم انتقال کرگئے ہیں ۔ 47 سالہ اولمپیئن نوید عالم شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ ان کی بیٹی کے مطابق گزشتہ رات کیمو تھیراپی کے بعد ان کے والد کی طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ نوید عالم 1994ء کے ہاکی ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم کے رکن تھے جب کہ اولمپکس، چیمپئنز ٹرافی اور ایشین گیمز سمیت بے شمار ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

نوید عالم پاکستان ہاکی ٹیم، چین ہاکی ٹیم اور بنگلا دیش ہاکی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق ہاکی اولمپئین اور ورلڈکپ 1994ء کی فاتح ہاکی ٹیم کے رکن نوید عالم میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ کے مطابق طبیعت ناساز ہونے پر 47 سالہ سابق ہاکی اولمپئین نوید عالم نے شوکت خانم میموریل ہسپتال میں اپنا چیک اپ کروایا جہاں انہیں بلڈ کینسر کی تشخیص ہوئی ۔

نوید عالم کی بیٹی کے مطابق ڈاکٹرز نے ان کے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ۔ نوید عالم کے علاج کی ذمہ داری سندھ حکومت نے لے لی تھی ، ٹیکنیکل آفیسر سندھ حکومت فیض منگی کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے شوکت خانم ہسپتال کو خط لکھ دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت ہاکی اولمپیئن نوید عالم کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے بھی اولمپیئن نوید عالم کے علاج کے تمام تر اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
وقت اشاعت : 13/07/2021 - 13:21:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :