اسد عمر یہ بتائیں کہ ویکسین دستیاب کہاں ہے؟: فاسٹ بائولر جنید خان نے سوال اٹھا دیا

کے پی کے اور گلگت بلتستان جانیوالوں کو ویکسین لگوانے کا مشورہ دینے والوں کو معلوم ہونا چاہیئے کہ جس ویکسین کو یہ لازمی قرار دے رہے ہیں وہ دستیاب ہی نہیں ہے: پیسر کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 13 جولائی 2021 17:45

اسد عمر یہ بتائیں کہ ویکسین دستیاب کہاں ہے؟: فاسٹ بائولر جنید خان نے سوال اٹھا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 جولائی 2021ء ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر جنید خان نے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی ) اسد عمر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کو کورونا ویکسین لگوانے کا مشورہ دینے والے اسد عمر پہلے یہ بتائیں کہ ویکسین دستیاب کہاں ہے؟۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر اپنے پیغام میں جنید خان نے لکھا کہ ’’یہ مذاق چل رہا ہے؟، اسد عمر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان جانے والے سیاحوں کے لیے کورونا ویکسین لگوانی لازمی ہے لیکن صوبائی وزیر صہت شہرام تراکئی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور اسد عمر کو یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ جس ویکسین کو یہ لازمی قرار دے رہے ہیں وہ دستیاب ہی نہیں ہے‘‘۔

جنید خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’میں نے ضلع صوابی، ضلع مردان اور ضلعی بونیر میں پوچھا ہے، کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے، وہ لوگ جنہوں نے 6 سے7 ہفتوں پہلے کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے وہ اب بھی اپنی دوسری ڈوز کا انتظار کر رہے ہیں، اسد عمر صاحب بتائیں گے کہ جب ویکسین دستیاب ہی نہیں ہیں تو لوگ کہاں سے ٹیکے لگائیں گے؟‘‘۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ سربراہ این سی او سی اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہاتھا کہ 50 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو کورونا سے زیادہ خطرہ ہے، ایسے تمام افراد کورونا ویکسین جلد لگوائیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسدعمر نے کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ 72 لاکھ افراد 50 سال سے زائد عمر کے ہیں، اور 50 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو کورونا سے زیادہ خطرہ ہے۔سربراہ این سی او سی نے کہا کہ اب تک 50 سال سے زائد عمر کے 56 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے، 50 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کورونا ویکسین جلد لگوائیں۔
وقت اشاعت : 13/07/2021 - 17:45:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :