پاکستان کیخلاف پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز، افغانستان نے اپنے سب سے تگڑے کھلاڑی کو ڈراپ کر دیا

سابق کپتان اصغر افغان ستمبر میں شیڈول سیریز کیلئے اعلان کردہ اسکواڈ سے باہر، حشمت اللہ شاہدی ٹیم کی قیادت کریں گے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 24 جولائی 2021 23:03

پاکستان کیخلاف پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز، افغانستان نے اپنے سب سے تگڑے کھلاڑی کو ڈراپ کر دیا
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی2021ء) پاکستان کیخلاف پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز، افغانستان نے اپنے سب سے تگڑے کھلاڑی کو ڈراپ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لئے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق حشمت اللہ شاہدی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ جمعہ کو افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک ٹویٹ میں 17 رکنی ٹیم کا اعلان کیا جو رواں سال ستمبر میں پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔

سکواڈ میں افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان کو شامل نہیں کیا گیا، جبکہ باقی کھلاڑیوں میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اٹل، رحمت شاہ اور نجیب زدران شامل ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں اکرام علی خیل، شاہد کمال، محمد نبی، کریم جنت، عظمت عمر زئی، راشد خان اور عبدالرحمان بھی ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ نوین الحق، مجیب الرحمن، فضل الحق فاروقی اور نور احمد کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سیریز کے لئے چار ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز شیڈول ہے۔ آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل سپر لیگ کے میچز ستمبر میں ہوں گے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کا انعقاد شارجہ میں ہونا ہے تاہم آئی پی ایل کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کی وجہ سے افغان کرکٹ بورڈ نے سیریز کا وینیو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ۔

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا میں سیریز کے انعقاد کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں اور اب میچز ہمبنٹوٹا سٹیڈیم،سری لنکا میں کھیلے جائیں گے ۔ یہاں واضح رہے کہ یہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلی جانے والی پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز ہو گی۔
وقت اشاعت : 24/07/2021 - 23:03:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :