اسرائیلی کھلاڑی کا مقابلہ کرنیوالی سعودی ایتھیلیٹ کے حق میں سوشل میڈیا پراظہار یکجہتی مہم جاری

تھانی القحطانی 78 کلو وزن کیٹگری کے جوڈو مقابلے میں اسرائیلی مدمقابل راز ھیشکو کے مدمقابل آئیں گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 جولائی 2021 12:38

اسرائیلی کھلاڑی کا مقابلہ کرنیوالی سعودی ایتھیلیٹ کے حق میں سوشل میڈیا پراظہار یکجہتی مہم جاری
ٹوکیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2021ء ) سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی خاتون جوڈو کھلاڑی تھانی القحطانی 30 جولائی کو ٹوکیو اولمپکس میں اسرائیلی حریف راز ھیشکو کا سامنا کریں گی۔ مقابلے سے قبل سوشل میڈیا پر تھانی القحطانی سے اظہار یکجہتی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بھرپور مہم چلائی جارہی ہے۔ 33 سعودی کھلاڑیوں کے دستے میں شامل تھانی القحطانی 78 کلو وزن کیٹگری کے جوڈو مقابلے میں شرکت کریں گی ۔

اسرائیلی مدمقابل سے القحطانی کا میچ 32 ویں رائونڈ میں شامل ہے۔ پین عرب روزنامہ ’’الشرق الاوسط‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ القحطانی کو اولمپکس میں شریک دستے کی جانب سے اسرائیلی مدمقابل سے مقابلے کی خصوصی اجازت دی گئی ہے تاکہ اسرائیلی مدمقابل سے مقابلے کے انکار کی وجہ سے سعودی جوڈو فیڈریشن اور کھلاڑی پر بین الاقوامی اولمپکس کی پابندیاں نہ لگ جائیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تھانی القحطانی کی حمایت میں مختلف ہیش ٹیگز کے ساتھ ہزاروں پیغامات سامنے آتے رہے جن میں سعودی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
غدا الغنائم نامی ٹویٹر صارف نے لکھا کہ ’’مقابلہ نہ چھوڑیں، اس [اسرائیلی کھلاڑی] کا سامنا کریں، جیتو یا ہارو، ہماری نظر میں تم ہیرو ہو۔ ملک کا فخر ہو، تمھارے لیے نیک خواہشات‘‘۔ اس سے قبل الجزائر سے تعلق رکھنے والے جوڈو کے کھلاڑی فتحی نورین کے اسرائیلی کھلاڑی سے مقابلہ کے انکار پر بین الاقوامی جوڈو فیڈریشن نے فتحی اور ان کے کوچ امر بنی خلف کی رکنیت معطل کر دی تھی۔
وقت اشاعت : 26/07/2021 - 12:38:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :