حسن علی نےوسیم اکرم، عبدالرزاق اور اظہر محمود جیسا آل راؤنڈر بننے کے خواہش ظاہر کردی

کوشش ہوتی ہے یارکرز، سلوبالز اور باؤنسرز کو باؤنڈری لائن کے باہر بھجوانے کی اچھی پریکٹس ملے :فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 جولائی 2021 15:56

حسن علی نےوسیم اکرم، عبدالرزاق اور اظہر محمود جیسا آل راؤنڈر بننے کے خواہش ظاہر کردی
برج ٹاؤن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2021ء ) فاسٹ باؤلنگ اور حال ہی میں بیٹنگ کے دوران اپنی پاور ہٹنگ صلاحیتوں سے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بننے والی27 سالہ قومی کرکٹر حسن علی نے کہا ہے کہ وہ تینوں طرز کی کرکٹ میں ایک مستند آل راؤنڈر بننا چاہتے ہیں ، پیسر ویسٹ انڈیز کیخلاف 4 ٹی ٹونٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کیلئے اعلان کردہ قومی سکواڈ کے اہم رکن ہیں۔

2016ء سے اب تک مجموعی طور پر 107 بین الاقوامی میچز میں 195 وکٹیں حاصل کرنیوالے حسن علی 691 انٹرنیشنل رنز بھی سکور کرچکے ہیں تاہم انجری کے بعد رواں سال قومی ٹیم میں کم بیک کرنیوالے حسن علی کی باؤلنگ کیساتھ بیٹنگ میں نمایاں بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔ انگلینڈ کیخلاف آخری ون ڈے میں لیگ سپنر میٹ پارکنسن کو 3 گیندوں پر مسلسل 3 چھکے جڑنے اور پھر آخری ٹی ٹونٹی میں ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر ناٹ آؤٹ 15 رنز کی اننگز کھیلنے والے حسن علی نے کہا کہ وہ ٹی ٹونٹی کی طرح ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی خود کو ایک مستند آل راؤنڈر کہلوانا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں وہ نیٹ پریکٹس کے دوران اپنی باؤلنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حسن علی نے کہا کہ وہ وسیم اکرم، عبدالرزاق اور اظہر محمود جیسا آل راؤنڈر بننے کے خواہشمند ہیں۔ بیٹنگ آرڈر کی وجہ سے انہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں عموماًً ڈیتھ اوورز میں بیٹنگ کا موقع ملتا ہے لہٰذا وہ نیٹ سیشنز میں ان ڈیتھ اوورز میں پاور ہٹنگ کی خصوصی مشق کررہے ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ یارکرز، سلور ونز اور باؤنسرز کو باؤنڈری لائن کے باہر بھجوانے کی اچھی پریکٹس ملے۔

انگلینڈ کیخلاف آخری ٹی ٹونٹی میں فاسٹ باؤلنگ کیلئے مشکل کنڈیشنز کے باوجود عمدہ باؤلنگ کرنیوالے حسن علی کا کہنا ہے کہ محدود طرز کی کرکٹ میں باؤلنگ کے دوران ویری ایشنز کا بہتر استعمال بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں بین سٹوکس کی وکٹ حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرنیوالے حسن علی نے کہا کہ لارڈز میں باؤلنگ کے دوران پانچ وکٹیں حاصل کرنا اور پھر بین سٹوکس کو پویلین کی راہ دکھانے پر وہ بہت خوش تھے۔

انہوں نے کہا کہ بین سٹوکس ان کے پہلے دورہ انگلینڈ کی بھی پہلی وکٹ تھے، لہٰذا اس مرتبہ بھی ان کی وکٹ ایک سپیشل موومنٹ تھا۔ حسن علی نے کہا کہ وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں بہتر کارکردگی کے لیے پرامید ہیں،اگر ان کی ایک اچھی گیند یا ایک اچھی شاٹ سے ٹیم کو فائدہ ہوسکتا ہے تو ان کے لیے یہی بڑی کامیابی ہے، لہٰذا وہ کیربیئن ٹور کے دوران بہترین باؤلنگ اور پاؤر ہٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔

دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں بابراعظم (کپتان) ، شاداب خان (نائب کپتان) ، ارشد اقبال ، اعظم خان ، فہیم اشرف، فخر زمان ، صہیب مقصود، حارث رؤف،حسن علی ، عماد وسیم ، محمد حفیظ، محمد حسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان(وکٹ کیپر) ، محمد وسیم جونیئر ، سرفراز احمد(وکٹ کیپر) ، شاہین شاہ آفریدی اور شرجیل خان شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 26/07/2021 - 15:56:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :