ساجد سدپارہ نے دوسری مرتبہ کے ٹو سر کرلیا

والد علی سدپارہ، کھوئے ہوئے ساتھیوں کی یاد میں آج صبح 8 بج کر10 منٹ پر ایک بار پھر کے 2 کی چوٹی پر قدم رکھا ہے: ساجد سدپارہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 جولائی 2021 11:30

ساجد سدپارہ نے دوسری مرتبہ کے ٹو سر کرلیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جولائی 2021ء ) قومی ہیرو علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے دوسری بار دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرلی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ساجد سدپارہ نے لکھا کہ ’’گذشتہ کچھ دن ہم سب کے لیے پہاڑوں کی بلندی پر چیلنجنگ اور خوش قسمت رہے ہیں، پوری قوم اپنے ہیرو علی سدپارہ کی میت واپس لائے جانے کی خبر سننے کی منتظر ہے، ہم اتنے خوش قسمت ہیں کہ کے 2 پر سردیوں کے موسم میں اپنے ساتھیوں کی لاشیں تلاش کرلیں اور اب انہیں محفوظ مقام پر پہچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی تکنیکی اور خطرناک ڈھلوان پر ہونے کی وجہ سے لاشوں کو لانا مشکل ہے، اپنے والد علی سدپارہ اور کھوئے ہوئے ساتھیوں کی تعظیم کے لئے میں نے آج صبح 8 بج کر10 منٹ پر ایک بار پھر کے 2 کی چوٹی پر قدم رکھا ہے، میں اپنی جان کی بازی ہارنے والے کوہ پیماؤں کی لاشوں کو کسی محفوظ جگہ پر منتقل کر رہا ہوں اور اوپر کی رکاوٹوں سے فوری بازیابی بہت ساری جانوں کو خطرے میں ڈالے بغیر ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ہم تینوں کوہ پیمائوں کے خاندانوں اور ماہرین سے مشورہ کرنے کے بعد مزید نقصانات اور جانوں کو خطرے کے بغیر لاشوں کی بازیافت کے امکانات بعد کے مرحلے میں کیے جائیں گے۔ میں پاکستانی عوام کی محبت اور دعاؤں کیلئے پوری قوم کا شکر گزار ہوں، میں کے ٹو پر موجود ہر شخص سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ لاشوں کی کوئی تصاویر یا ویڈیو شیئر نہ کریں کیوں کہ ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے لئے تکلیف دہ ہے‘‘۔
وقت اشاعت : 28/07/2021 - 11:30:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :