شعیب اختر نے اسلام آباد سیلابی ریلے کی ویڈیو شیئر کردی

اسلام آباد میں خطرناک سیلابی ریلہ آیا ہے، یہ مناظر سیکٹر ای 11 کے ہیں، میں اس مشکل گھڑی میں ہر ایک کی حفاظت کے لیے دُعا کرتا ہوں: سابق پیسر کا ٹویٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 28 جولائی 2021 13:07

شعیب اختر نے اسلام آباد سیلابی ریلے کی ویڈیو شیئر کردی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جولائی 2021ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اسلام آباد کے سیلابی ریلے کے مناظر سوشل میڈیا پر شیئر کردیے۔ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر 45 سالہ شعیب اختر نے ایک مختصر ویڈیو کلپ شیئر کی جو اسلام آباد کے سیلابی ریلے کی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلام آباد کی پوری سڑک سیلابی ریلے کی زد میں آئی ہوئی ہے جس میں گاڑیاں ڈوبی ہوئی اور بہتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

شعیب اختر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج صبح اسلام آباد میں یہ خطرناک سیلابی ریلہ آیا ہے اور یہ مناظر سیکٹر ای 11 کے ہیں، میں اس مشکل گھڑی میں ہر ایک کی حفاظت کے لیے دُعا کرتا ہوں‘۔
واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بادل پھٹنے کے باعث مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث وفاقی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی اور مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔

سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں ۔ سیکٹر ای الیون میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد امدادی کام جاری ہے اور آرمی کی ریسکیو ٹیمیں ای الیون میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔                                                                                                   
وقت اشاعت : 28/07/2021 - 13:07:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :