50 ویں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ روواں سال اکتوبر میں کھیلی جائے گی، میجرجنرل اکرم ساہی

بدھ 28 جولائی 2021 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیراہتمام 50 ویں قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ روواں سال اکتوبر میں کھیلی جائے گی، گذشتہ روز اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ریٹائرڈ) محمد اکرم ساہی نے بتایا کہ چیمپئین شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چیمپئین شپ میں پاکستان آرمی کے کھلاڑی مینز اور پاکستان واپڈا کے کھلاڑی ویمن ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

ٹورنامنٹ میں مختلف ایونٹس رکھے گئے ہیں جن میں ڈیسک تھرو(تالی) ،رکاوٹی دوڑ، ہائی جمپ، لونگ جمپ، شاٹ پٹ، ٹرپل جمپ، جیولین تھرو، پال والٹ، ریلے، میراتھن، دوڑ، ہیمرتھرو کے علاوہ ریس کے مختلف مقابلے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چیمپئین شپ میں ملک بھر سے 14 ٹیموں کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان ایئرفورس، پاکستان واپڈا، پاکستان ریلوے، پاکستان پولیس، ہائرایجوکیشن کمیشن، پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان ہرسال قومی اتھلیٹکس چیمپئن شپ کا انعقاد کرتی ہے لیکن گزشتہ برس دنیا میں کرونا وائرس کے باعث یہ مقابلے منعقد نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئین شپ کی تاریخ اور جگہ کا اعلان ائندہ ماہ کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 28/07/2021 - 16:40:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :