اگست میں جشن آزادی کے حوالے سے سپورٹس کے بھرپور ایونٹس کرائیں گے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ

سپورٹس ایونٹس 4سے 30اگست تک ہونگے ،19 کھیلوں کے مردوخواتین کھلاڑیوں کے مقابلے کرائے جائیں گے،14اگست کو خصوصی تقریب ہوگی

بدھ 28 جولائی 2021 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2021ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ جشن آزادی بھرپور انداز سے منایا جائے گا، ماہ اگست میں جشن آزادی کے حوالے سے سپورٹس کے بھرپور ایونٹس کرائیں گے، سپورٹس ایونٹس 4سے 30اگست تک ہوں گے جس میں19 کھیلوں کے مردوخواتین کھلاڑیوں کے مقابلے کرائے جائیں گے،14اگست کو خصوصی تقریب ہوگی جس میں کھلاڑی شرکت کریں گے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں جشن آزادی کے حوالے سے سپورٹس ایونٹس کے انعقاد سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ،ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمن ،سپورٹس ایسوسی ایشنز کے نمائندے سلمان اقبال بٹ، انیس الرحمن، مودود جعفری، ایم بی جاوید، طیب سہیل ، محمد غفار،محمدعرفان ودیگر بھی شریک تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنی آزادی کوشایان شان طریقے سے مناتی ہیں اسی لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے جشن آزادی کے موقع پر اگست کے پورے مہینے میں بھرپور سپورٹس ایونٹس کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس خوشی کے موقع پر کھلاڑی قومی جوش و جذبے سے مقابلوں میں حصہ لیں گے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے فروغ اور کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات کررہے ہیں،سپورٹس انڈوومنٹ قائم کررہے ہیں، کھلاڑیوں کو وظائف بھی دیں گے، ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب کو سہولیات فراہم کیں،دنیا کی دوسری بڑی چوٹی K-2سر کرنیوالے کوہ پیما شہروز کاشف کو نوجوانوں کا خیرسگالی سفیر مقرر کیا ہے، ٹوکیواولمپکس میں حصہ لینے والے اتھلیٹ ارشدندیم کو تیاری کیلئے بہترین سہولیات فراہم کیں،اولمپکس میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لئے دعاگو ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس انفراسٹرکچر وسیع کیا جارہا ہے، سکواش کمپلیکس مدت سے بند پڑا تھا اس کا کام شروع کرادیا ہے ،رکھ چھبیل میں 500کنال اراضی ہے جہاں سپورٹس ویلیج بنارہے ہیں،ہاکی کا ہائی پرفارمنس سنٹر بھی رکھ چھبیل میں بنانے جارہے ہیں،آرچری کے کھیل کو بھی فروغ دے رہے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس ایسوسی ایشنز جشن آزادی سپورٹس ایونٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، سپورٹس ایسوسی ایشنز کے لئے میرے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

وقت اشاعت : 28/07/2021 - 22:19:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :