بحیثیت آل راؤنڈر میری کارکردگی ڈومیسٹک کرکٹ کے زیادہ تر کھلاڑیوں سے بہتر ہے: انورعلی

شاہین آفریدی اور حسن علی مستقل طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں: آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 جولائی 2021 15:51

بحیثیت آل راؤنڈر میری کارکردگی ڈومیسٹک کرکٹ کے زیادہ تر کھلاڑیوں سے بہتر ہے: انورعلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جولائی 2021ء ) پاکستانی فاسٹ بائولر انور علی نے دعوی کیا ہے کہ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی کارکردگی پچھلے دو سیزن میں ڈومیسٹک وائٹ بال کرکٹ کے زیادہ تر کھلاڑیوں سے بہتر ہے۔ ایک انٹرویو میں انورعلی جنہوں نے آخری بار 2016ء میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی میں پاکستان کے لئے کھیلا تھا ، نے کہا کہ وہ انجری سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔

انورعلی نے کہا کہ میں گذشتہ کچھ سالوں سے انجری کی وجہ سے جدوجہد کر رہا تھا لیکن اب میں پوری طرح فٹ ہوں اور باقاعدگی سے پوری دنیا میں ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگ کھیلتا ہوں۔ اگر آپ پچھلے کچھ سالوں میں ڈومیسٹک وائٹ بال کرکٹ میں میرے ریکارڈ کو دیکھیں تو مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو بہت سے ایسے کھلاڑی ملیں گے جنہوں نے آل راؤنڈر کی حیثیت سے مجھ سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہو۔

(جاری ہے)

کشمیر پریمیئر لیگ میں مظفرآباد ٹائیگرز کے لیے منتخب ہونے والے انور علی کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) میں شرکت کیلئے بھی پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں واقعی میں کشمیر پریمیر لیگ (کے پی ایل) اور مظفرآباد ٹائیگرز کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں، امید ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے ٹائیگرز کے کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ کی بھی تعریف کی۔

انور علی کا کہنا تھا کہ حفیظ بھائی ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور وہ پاکستان کی موجودہ ٹی ٹونٹی ٹیم کا بھی حصہ ہیں، انھیں کھیل کے بارے میں کافی معلومات ہیں اور انہوں نے ماضی میں ورلڈ کپ سمیت پاکستان ٹیم کی قیادت کی ہے جو کھلاڑیوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی، امید ہے کہ ہم ان کی سربراہی میں کھیلتے ہوئے بہت سی چیزیں سیکھیں گے۔ انہوں نے 2006ء کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کیخلاف اپنے یادگار بائولنگ سپیل کے بارے میں بھی بات کی جب انہوں نے 35 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

انور علی نے کہا کہ میں نے انڈر 19 ورلڈ کپ 2006ء کے ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ ہندوستان کیخلاف فائنل کھیلنا ، جیتنا اور مین آف دی میچ بننا بہت خاص تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس میچ میں ہندوستان کے لیے بھی کچھ اچھے کھلاڑی کھیل رہے تھے جن میں چتیشور پجارا ، روہت شرما اور پیوش چاولا شامل تھے جو سپر سٹار بن گئے تھے۔ انہوں نے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی اور حسن علی کی مستقل مزاجی کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ہمارے باؤلرز کو دیکھیں تو یہاں شاہین آفریدی اور حسن علی کی شکل میں دو کھلاڑی موجود ہیں جو مستقل طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہ تمام فارمیٹ کھیل رہے ہیں اور پاکستان کی فتوحات میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی یہ کام جاری رکھیں گے۔
وقت اشاعت : 29/07/2021 - 15:51:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :