پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ہفتے کو شیڈول دوسرا ٹی ٹونٹی بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان

جارج ٹاؤن سٹیڈیم ، گیانا میں دن کے ابتدائی حصے بارش کی توقع 71 فیصد ،موسم مستقل ابرآلود رہے گا ، طوفان کا 15فیصد اندیشہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 30 جولائی 2021 17:13

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین ہفتے کو شیڈول دوسرا ٹی ٹونٹی بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان
(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2021ء ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 31 جولائی بروز ہفتہ شیڈول دوسرا ٹی ٹونٹی بھی بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ جارج ٹاؤن ، گیانا میں ایکو ویدر کی پیشن گوئی کے مطابق دن کے ابتدائی حصے بارش کی توقع 71 فیصد ہے ،موسم مستقل طور پر ابر آلود رہے گا اور اس علاقے میں طوفان کا 15 فیصد امکان ہے ،طوفان آنے کی صورت میں گرائونڈ اور پچ کی حالت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے جس کے باعث گرائونڈ کو کھیلنے کے لیے غیر محفوظ قرار دے کر میچ منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے ۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی کینسیٹنٹن اوول میں کھیلا گیا، ابتدائی طور پر بارش کی وجہ سے میچ میں تاخیر ہوئی اور 9 اوورز فی اننگ پر میچ شروع کیا گیا، ویسٹ انڈیز نے اپنے 9 اوورز میں 5 وکٹوں پر 85 رنز بنائے تاہم اس کے فوری بعد بارش شروع ہوگئی جس کے بعد میچ ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پروویڈینس سٹیڈیم ، گیانا میں تیسرا اور چوتھا میچ بھی کھیلا جانا ہے اور کیریبین میں مون سون کے سیزن کی وجہ سے یہ میچز بھی بارش متاثر ہونے کا امکان ہے۔

پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کا پہلے ہی بدقسمت آغاز ہوا ہے کیونکہ ویسٹ انڈیز کیمپ میں کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا سیریز میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان کی ٹی ٹونٹی سیریز میں میچز کی تعداد 5 سے کم کرکے 4 کردی گئی تھی۔ ٹی ٹونٹی سیریز کے اختتام کے بعد 12 اگست کو شروع ہونے والے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
وقت اشاعت : 30/07/2021 - 17:13:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :