پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کا تیسرا ٹی ٹونٹی بھی بارش کی نذر

قومی ٹیم کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 1 اگست 2021 23:16

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کا تیسرا ٹی ٹونٹی بھی بارش کی نذر
گیانا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اگست 2021ء ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کا تیسرا ٹی ٹونٹی بھی بارش کی نذر ہوگیا ۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آندرے فلیچر نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے محمد حفیظ کو میچ کی دوسری گیند پر ہی چھکا رسید کیا۔ ویسٹ انڈیز نے دوسرے اوور کی دوسری گیند پر بغیر کسی کے نقصان کے 15 رنز بنالیے تھے کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔

آندرے فلیچر دو چھکوں کی مدد سے 6 گیندوں پر 14 اور کرس گیل ایک رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ قبل ازیں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہوگیا تھا اور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔ پاکستان نے دوسرےمیچ میں 7 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستان نے تیسرے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتےہوئے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی جگہ حارث رؤف کو شامل کیا اور ویسٹ انڈیز نے آندرے رسل کو موقع دیا ہے۔

میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کیرن پولارڈ(کپتان)، آندرے فلیچر، کرس گیل، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، جیسن ہولڈر، ڈیوین براوو، ہیڈن واش، عقیل حسین روماریو شیفرڈ شامل تھے جب کہ پاکستانی ٹیم میں بابراعظم(کپتان)، محمد رضوان، شرجیل خان، فخر زمان، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شاداب خان، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر، حارث رؤف شامل تھے۔
وقت اشاعت : 01/08/2021 - 23:16:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :