ورلڈ کپ میں بھارت کے ساتھ کیوں رکھا جاتا ہے؟، پاکستان نے آئی سی سی سے وضاحت مانگ لی

اگر پیسے کمانے کیلئے یہ فارمولہ اپنایا جاتا ہے تو پاکستان کو بھی اس آمدنی کا اضافی شیئر دیا جائے: پی سی بی کا آئی سی سی کو خط

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 2 اگست 2021 17:34

ورلڈ کپ میں بھارت کے ساتھ کیوں رکھا جاتا ہے؟، پاکستان نے آئی سی سی سے وضاحت مانگ لی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 اگست 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے وضاحت مانگی ہے کہ کس فارمولے کے تحت ہر آئی سی سی ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کو ایک گروپ میں رکھا جاتا ہے ، ٹورنامنٹ کی گروپنگ اگر اس بنیاد پر ہوتی ہے کہ آئی سی سی پیسے کمائےتو پاک بھارت میچ سے ہونے والی اضافی آمدنی کا میں سے پاکستان کو حصہ کیوں نہیں دیا جاتا ہے؟۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق چیئرمین احسان مانی نے آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں سوالات اٹھانے کے ساتھ ساتھ اپنا اضافی حصہ مانگا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کے ہر ٹورنامنٹ جس میں ورلڈ کپ، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی، انڈر 19 ورلڈ کپ اور خواتین ورلڈ کپ شامل ہیں، پاکستان اور بھارت کو ایک گروپ میں رکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اکتوبر،نومبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی دونوں ٹیموں کو افغانستان ،نیوزی لینڈ اور 2 کوالیفائر ٹیموں کے ساتھ گروپ ٹومیں رکھا گیا ہے۔

روایتی حریفوں کا گروپ میچ رکھنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں فائنل میں بھی ایک دوسرے کے مدمقابل آسکیں جس سے آئی سی سی کی آمدنی دوگنی ہوجائے گی۔ پاک بھارت میچ کے نشریاتی حقوق سے آئی سی سی کو ریکارڈ آمدنی ہوتی ہے جو کسی دوسرے کھیل میں 2 ٹیموں کے درمیان ہونیوالی ایک میچ کی آمدنی میں سب سے زیادہ ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی اپنی آمدنی سے بھارت کو 8 سال کا شیئر تقریبا 495 ملین ڈالرز دیتا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں پاکستان کو اتنے ہی عرصے کا حصہ 145ملین ڈالرز ملتا ہے۔

بھارت کو زیادہ شیئر ملنے کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر سپانسرز بھارتی کمپنیاں ہیں۔ ذرائع کے مطابق احسان مانی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کس بنیاد پر دنیا کے ہر ٹورنامنٹ میں روایتی حریفوں کو ایک گروپ میں رکھتا ہے، اگر پیسے کمانے کیلئے یہ فارمولہ اپنایا جاتا ہے تو پاکستان کو بھی اس آمدنی کا اضافی شیئر دیا جائے کیوںکہ اگر بھارت کی دو ٹیمیں آپس میں کھیلیں گی تب بھی اتنی آمدنی نہیں ہوسکتی۔
وقت اشاعت : 02/08/2021 - 17:34:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :