حنید لاکھانی کا شاہد آفریدی اور عالمگیر خان کے ہمراہ گلشن کرکٹ گرائونڈ کا دورہ

کراچی کے پارکوں اور کھیل کے میدانوں سے قبضے ختم کروائیں گے، رہنما تحریک انصاف کی گفتگو

پیر 2 اگست 2021 19:25

حنید لاکھانی کا شاہد آفریدی اور عالمگیر خان کے ہمراہ گلشن کرکٹ گرائونڈ کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پورے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ، کھیلوں کی میدانوں کے لیئے وفاقی حکومت کی اولین ترجیح کراچی ہے کیونکہ کراچی کے زیادہ تر علاقوں کی حالت یہ ہے کہ لاکھوں کی آبادی کے باوجود عوام کے لیئے ایک بھی کھیل کا میدان نہیں ہے، ان خیالات کاا ظہار انہوں معروف کرکٹر و سابق قومی کرکٹ ٹیم کپتان شاہد خان آفریدی اور این اے 243کے ایم این اے عالمگیر خان کے ساتھ گلشن اقبال بلاک 6میں نئے تیارہونے والے کرکٹ گرائونڈ کے دور ے کے موقع پر کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ شہر قائد میں کھیلوں کے میدانوں پر قبضہ مافیا سانپ بن کر بیٹھا ہوا ہے، گلشن اقبال میں موجود یہ گرائونڈ بھی ایک طویل عرصے سے ٹینکر مافیا کے قبضے میں تھا جسے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ان قبضہ گروپوں سے خالی کروایا گیا ہے اور الحمد اللہ بہت جلد وزیراعظم کے خصوصی فنڈ سے یہ گرائونڈ آباد ہونے جارہا ہے جہاں اس گرائونڈ کی از سرنو تعمیر کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے اس سلسلے میں ہم سمجھتے ہیں کہ یہ گرائونڈ گلشن اقبال کے نوجوانوں کے لیئے وزیراعظم کی جانب سے کسی تحفے سے کم نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے پارکوں اور گرائونڈز پر مافیا کے قبضے ختم کروائے گی کراچی صرف پاکستان کا بڑا شہر ہی نہیں ہے بلکہ کھیلوں کے حوالے سے بھی اس شہر نے پاکستان کو بہترین کھلاڑی بھی دیئے ہیں، کراچی پاکستان کا ایک بہترین اور شاندار شہر ہے لیکن بدقسمتی ہے اس شہر کی یہاں جس بھی پارٹی کی حکومت آئی اس نے شہر یوں کے فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے، انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی شہریوں کو پر فضا اور صحت افزا ماحول فراہم کرنے کے لیئے کام کر رہی ہے اور شہر کے تمام پارکس اور کھیل کے میدانوں سے قبضے ختم کروائیں گے۔

وقت اشاعت : 02/08/2021 - 19:25:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :