17 سال بعد انگلینڈ کی میزبانی کا خواب سراب نظر آنے لگا

آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی شرکت ممکن بنانے کیلئے دورہ بنگلادیش ملتوی ہونے کے بعد برطانوی ٹیم کی پاکستان آمد پر بھی خدشات کے بادل منڈلانے لگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 اگست 2021 12:07

17 سال بعد انگلینڈ کی میزبانی کا خواب سراب نظر آنے لگا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اگست 2021ء ) بھارتی بورڈ کا ای سی بی پر اثرورسوخ کام کرگیا، رواں سال انگلینڈ کی میزبانی کا خواب سراب نظر آنے لگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اکتوبر میں انگلش ٹیم کی 2 ٹی ٹونٹی میچز میں میزبانی کا پلان بنا رہا ہے مگر موجودہ صورتحال میں ایسا ہونا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ بڑھتے کورونا کیسز اور یواے ای میں ری شیڈول ہونیوالی آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی شرکت ممکن بنانے کیلئے انگلینڈ کا دورہ بنگلادیش ملتوی کردیا گیا اور برطانوی ٹیم کی پاکستان آمد پر بھی خدشات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

این مورگن کی قیادت میں برطانوی سکواڈ کو ستمبر کے آخر میں بنگلہ دیش کے خلاف 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا تھے جب کہ پاکستان کے ساتھ مختصر فارمیٹ کے 2 میچز 14 اور 15 اکتوبر کو شیڈول کرنیکا پلان ہے۔

(جاری ہے)

انگلش ٹیم کی ایشیاء آمد کا مقصد یواے ای میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاری ان کنڈیشنز میں کرنا ہے مگر اب دورہ بنگلادیش ملتوی ہونے کی ایک وجہ کورونا کیسز میں اضافہ ہے اور دوسری بڑی وجہ دونوں ٹیموں کے سٹار کرکٹرز کو اماراتی میدانوں میں ہونیوالی آئی پی ایل کے باقی مقابلوں میں شرکت کا موقع دینا ہے۔

بھارتی لیگ 19ستمبر سے شروع ہوگی اور فائنل 15اکتوبر کو ہوگا، پاکستان اور انگلینڈ کے ٹی ٹونٹی میچز بھی 14 اور 15 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔ قبل ازیں انگلش بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل کو ری شیڈول کیے جانے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ اولین ترجیح ہونا چاہیے لیکن ہم بنگلہ دیشی بورڈ کیساتھ ملکر بھارتی خواہشات کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہوئے سیریز ملتوی کرنے پر تیار ہوگئے،انگلش ٹیم کو بنگلادیش کا دورہ مکمل کرتے ہی پاکستان جانا تھا مگر اب اس کے بھی ملتوی ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

انگلش کرکٹرز 15 اکتوبر تک شیڈول آئی پی ایل میں شرکت کے بعد یواے ای میں ہی اپنی ٹیم کا بائیو ببل جوائن کرنے کو ترجیح دیںگے، ایک برطانوی اخبار سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کی انگلش بورڈ سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ انگلینڈ کیخلاف سیریز کے انتظامات کے حوالے سے ان کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن سے معاملات طے پائے ہیں، ہم اب بھی پرامید ہیں کہ ٹور شیڈول کے مطابق ہوگا۔

یاد رہے کہ اگر انگلش ٹیم اکتوبر میں پاکستان آتی ہے تو دوسرا ٹی ٹونٹی کھیلنے کے صرف 8 دن بعد ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کیخلاف اس نے پہلا میچ کھیلنا ہے، اگر یواے ای آنیوالے کرکٹرز اور معاون سٹاف کے ارکان کیلئے قرنطینہ کی مدت 10روز رکھ دی گئی تو برطانوی سکواڈ کے پاس میچ کھیلنے کا وقت ہی نہیں بچے گا، کورونا پروٹوکولز کے حوالے سے آئی سی سی اور یواے ای حکومت میں بات چیت ہورہی ہے۔ یاد رہے کہ انگلش ٹیم نے آخری بار 06-2005ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور17 سال بعد دوبارہ انگلش کرکٹرز کو پاکستان میں ایکشن میں دیکھنے کا خواب سراب بنتا نظر آرہا ہے۔
وقت اشاعت : 03/08/2021 - 12:07:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :