ٹوکیو اولمپکس، قطری ایتھلیٹ نے کامیابی کے باوجود اطالوی کھلاڑی کو گولڈ میڈل میں حصہ دار بنالیا

ہائی جمپ فائنل میں اٹلی کے گیان مارکو ٹیمبری، قطر کے موتاز عیسیٰ بارشم نے اپنی اپنی باریوں میں 2.37 میٹر کی چھلانگ لگا کر پوائنٹس برابر کیے،دونوں ایتھلیٹس مزید3، 3باریوں میں بھی ناکام رہے،دونوں کو پھر ایک، ایک باری ملی جس میں گیان مارکو ان فٹ ہونے کے سبب دستبردار ہوئے لیکن قطری ایتھلیٹ نے گولڈ میڈل شیئر کرنے کیلئےبغیر ہچکچاہٹ آخری باری سے دستبرداری کا اعلان کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 اگست 2021 13:11

ٹوکیو اولمپکس، قطری ایتھلیٹ نے کامیابی کے باوجود اطالوی کھلاڑی کو گولڈ میڈل میں حصہ دار بنالیا
ٹوکیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اگست 2021ء ) کھیل ہمیں اخلاقی تربیت اور ایک دوسرے کے لیے احترام کا ذریعہ بنتے ہیں جس کا مظاہرہ ٹوکیو اولمپکس میں ایتھلیٹکس مقابلوں کے ہائی جمپ ایونٹ میں دیکھنے میں آیا جب قطری ایتھلیٹ نے سونے کا تمغہ جیتنے کے باوجود اُس میں اٹلی کے کھلاڑی کو بھی حصہ دار بنا لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں ہائی جمپ کے فائنل میں اٹلی کے گیان مارکو ٹیمبری اور قطر کے موتاز عیسیٰ بارشم کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا جس میں دونوں ایتھلیٹس نے اپنی اپنی باریوں میں 2.37 میٹر کی چھلانگ لگا کر پوائنٹس برابر کردیے تھے۔

آفیشلز کی جانب سے کسی ایک ایتھلیٹ کو گولڈ میڈل کا حق دار قرار دینے کیلئے دونوں ایتھلیٹس کو مزید 3،3 باریاں دیں گئیں لیکن اس کے باوجود دونوں کھلاڑی ناکام رہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں دونوں کو پھر ایک، ایک باری مہیا کی گئی جس میں اٹلی کے گیان مارکو کے ان فٹ ہونے کے سبب اس باری سے دستبردار ہونے کے باعث قطر کے موتاز عیسیٰ بارشم سونے کے تمغے کے حقدار بن گئے۔

اس موقع پر بارشم نے منتظمین سے سوال پوچھا کہ اگر وہ بھی آخری باری سے دستبرداری اختیار کریں تو کیا گولڈ میڈل میں دونوں حصہ دار بن سکتے ہیں جس پر منتظمین نے ہاں میں جواب دیا۔ منتظمین کا جواب سُن کر بارشم نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے آخری باری سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا جس پر اٹلی کے ٹیمبری نے بے انتہا خوشی کا ظہار کیا اور بارشم کے اس فیصلے پر اتنا اچھلے جتنا وہ مقابلے میں بھی نہیں اچھلے ہوں گے۔ اطالوی ایتھلیٹ کے خوشی میں آنسو بھی رواں تھے اور پھر انہوں نے اپنے حریف کو دل سے گلے بھی لگایا۔
ٹوکیو اولمپکس، قطری ایتھلیٹ نے کامیابی کے باوجود اطالوی کھلاڑی کو گولڈ میڈل میں حصہ دار بنالیا
وقت اشاعت : 03/08/2021 - 13:11:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :