چوتھا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

پاکستان کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 اگست 2021 19:33

چوتھا ٹی ٹونٹی، پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
گیانا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اگست 2021ء ) 4 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے چوتھے اور آخری مقابلے میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دوسری جانب قومی ٹیم کے نوجوان جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان نے انجری سے نجات حاصل کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل نے اعظم خان کو فٹ قرار دے دیا جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے ٹی 20 کے لیے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ دوسرے ٹی 20 سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران اعظم خان سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں سی ٹی سکین کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرز نے اعظم خان کو ہسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور انہیں 24 گھنٹے آرام کا مشورہ دیا جس کے بعد وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹی 20 سے باہر ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کا پہلا ٹی 20 میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جب کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 7 رنز سے شکست دی تھی۔

گزشتہ روز چار میچز کی سیریز کا تیسرا ٹی 20 میچ میں بارش کے باعث بے نتیجہ رہا تھا، ویسٹ انڈیز نے دوسرے اوور میں 15 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی تھی جس کے سبب میچ ممکن نہ ہوسکا۔ گرین شرٹس کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اگست تک جمیکا جب کہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 سے 24 اگست تک جمیکا میں ہی کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 03/08/2021 - 19:33:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :