نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ، بابراعظم کی دوسری پوزیشن برقرار

قومی ٹیم کے کپتان کو سیریز میں واحد اننگز میں نصف سنچری سکور کرنے کے باوجود 14 پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 اگست 2021 15:49

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ، بابراعظم کی دوسری پوزیشن برقرار
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 اگست 2021ء ) آئی سی سی نے نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ جاری کر دی ، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلی جبکہ بابراعظم دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی جس میں بلے بازی کے شعبے میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 841 پوائنٹس کیساتھ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 819 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں ،حیران کن بات یہ ہے کہ بابراعظم نے اس ٹی ٹونٹی سیریز میں صرف ایک اننگز کھیلی اور اس میں بھی نصف سنچری سکورکی لیکن اس کے باوجود رینکنگ میں انہیں 14 پوائنٹس کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا ۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی دوسری پوزیشن سے پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں ، ادھر محمد رضوان بھی بلے بازی میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ٹی 20 رینکنگ میں باؤلنگ اور آل راؤنڈر کے شعبے میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے ۔ باؤلنگ میں جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی پہلے ، سری لنکا کے وانندو ہاسارنگا دوسرے ، افغانستان کے راشد خان تیسرے ، انگلینڈ کے عادل راشد چوتھے ، افغانستان کے مجیب الرحمان پانچویں ، نیوزی لینڈ کے ٹم سائوتھی چھٹے ، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا ساتویں ، آسٹریلیا کے ہی ایشٹن ایگرآٹھویں ، نیوزی لینڈ کے ایش سوڈھی نویں جبکہ نیوزی لینڈ کے ہی مچل سنٹنر دسویں نمبر پر ہیں ۔

آل راؤنڈرز کے شعبے میں افغانستان کے محمد نبی پہلے ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے ، سکاٹ لینڈ کے رچرڈ بیرنگٹن تیسرے ، آسٹریلیا کے گیلن میکسویل چوتھے ، اومان کے خاور علی پانچویں ، کینیا کے کولنز اوبویا چھٹے ، متحدہ عرب امارات کے روحان مصطفی ساتویں،آئر لینڈ کے گیرتھ ڈیلنے آٹھویں ، آسٹریلیا کے مچل مارش نویں جب کہ زمبابوے کے سین ولیمز دسویں نمبر پر ہیں ۔
وقت اشاعت : 04/08/2021 - 15:49:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :