برطانوی کپتان این مورگن کا دورہ پاکستان پر آئی پی ایل کو ترجیح دینے کا امکان

ستمبر، اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایونٹ میں دیگر انگلش کرکٹرز کی شرکت ذاتی انتخاب ہوگا :این مورگن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 اگست 2021 12:04

برطانوی کپتان این مورگن کا دورہ پاکستان پر آئی پی ایل کو ترجیح دینے کا امکان
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اگست 2021ء ) انگلینڈ کے کپتان این مورگن اپنی آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ٹورنامنٹ کے پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کی صورت میں اس سال کے آخر میں اپنی ٹیم کے پاکستان دورے سے محروم ہو سکتے ہیں۔ آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث لیگ کو مئی میں معطل کر دیا گیا تھا ، اس بیماری نے دنیا بھر میں کرکٹ کے دوروں کو متاثر کیا ، این مورگن نے تصدیق کی ہے کہ وہ آئی پی ایل کے دوسرے مرحلے میں شرکت کریں گے جو 19 ستمبر سے 15 اکتوبر تک ہوگا۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے انگلش کھلاڑیوں کی اپنے ملتوی شدہ ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے کیلئے انگلینڈ اور بنگلادیش کی اسی عرصے کے دوران شیڈول باہمی سیریز ملتوی کرادی تھی، لیگ کے دوران انگلش ٹیم کی پاکستان سے سیریز بھی ہونا ہے۔

(جاری ہے)

این مورگن کا کہنا تھا کہ یہ ایک مکمل انفرادی فیصلہ ہے ، میرے خیال میں یہ کسی بھی طرح سے ہماری جیت تھی، اگر ہم بنگلہ دیش جاتے تو ہم ایسی کنڈیشنز میں کھیلتے جو ہمارے لیے نئی ہوتیں، اگر کچھ کھلاڑی آئی پی ایل میں جاتے ہیں تو وہ اسی طرح کے حالات میں کھیلیں گے، جن لڑکوں کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل آرام کی ضرورت ہے وہ آرام کررہے ہیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ انگلینڈ اکتوبر کے وسط میں دو ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے پاکستان کا دورہ بھی کرے گا جس کا آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے سے ٹکرائو کا بھی امکان ہے۔ انگلینڈ کا دورہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے سے صرف 8 دن پہلے ختم ہو رہا ہے جس سے کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات میں قرنطینہ کرنے کے لیے بہت کم وقت ملے گا۔
وقت اشاعت : 05/08/2021 - 12:04:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :