انسٹاگرام نے دنیا کی تیز ترین خاتون کا اکاؤنٹ بلاک کردیا، کئی گھنٹوں بعد بحال

جمعرات 5 اگست 2021 15:47

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹاگرام نے دنیا کی تیز ترین خاتون کا اکاؤنٹ بلاک کرنے کے کئی گھنٹوں بعد بحال کردیا۔اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور جمیکا کی اسپرنٹر ایلین تھامسن ہیرا نے ٹوکیو اولمپکس کے 200 میٹر ڈبل ڈبل کا مقابلہ جیتنے کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریس کی ویڈیوز شیئر کی تھیں۔

اکاؤنٹ پر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے پر انسٹاگرام نے تھامسن ہیرا کا اکاؤنٹ بلاک کر دیا تھا۔ ویڈیوز ہٹائے جانے پر انسٹاگرام نے کئی گھنٹوں بعد ان کا اکاونٹ بحال کر دیا۔تھامسن ہیرا نے ٹوئٹر پر کہا کہ ان کی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ تک رسائی روک دی گئی تھی کیونکہ انہوں نے ایسی ویڈیوز شیئر کی تھیں جو مبینہ طور پر کاپی رائٹ کے خلاف تھیں۔

(جاری ہے)

فیس بک کے ترجمان نے بتایا کہ تھامسن کی جانب سے جب مواد ہٹایا گیا تو اس کے بعد اکاونٹ بحال کردیا گیا۔تھامسن ہیرا نے منگل کے روز ٹوکیو اولمپکس میں 200 میٹر ڈبل ڈبل کا مقابلہ 21 منٹ 53 سیکنڈ میں طے کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ تھامسن ہیرا 4×100 میٹر کے فائنل میں جمعہ کو شرکت کریں گی۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اولمپک گیمز سے متعلق آن لائن مواد شیئر کرنے پر کاپی رائٹ کے تحت سخت پابندی عائد ہے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے قوائد کے تحت کھلاڑی اولمپک گیمز کے ایونٹ یا میڈل کی تقریب کا آڈیو یا ویڈیو مواد شیئر نہیں کرسکتے کیونکہ مخصوص براڈکاسٹرز کو گیمز کی براہ راست نشریات کے حقوق حاصل ہوتے ہیں۔یہ مخصوص براڈکاسٹرز ہی اولمپک گیمز سے متعلق مواد کو اپنے اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔ آئی او سی کا کہنا ہے کھلاڑی ان براڈکاسٹرز کی جانب سے شائع کردہ مواد کو دوبارہ شیئر کرسکتے ہیں۔ٹوکیو اولمپکس میں آئی او سی کو براڈ کاسٹنگ کے حقوق کے تحت 4 بلین ڈالر (2.8 بلین پاؤنڈز) کی آمدن متوقع ہے۔ براڈکاسٹرز کی جانب سے حاصل ہونے والی رقم کا زیادہ حصہ اولمپک کھیلوں اور کھلاڑیوں پر خرچ کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 05/08/2021 - 15:47:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :